18مہینے کی قید اور 180000روپے جرمانے کی سزا عائد
سرینگر/20جولائی: سوپور میں لین دین کے معاملے میں وقت پر چیک کیش نہ ہونے کی پاداش میں ایک شخص کو 18ماہ کی قید اور 180000روپے بطور جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ جبکہ قصوروار اگر جرمانہ کی رقم اداکرنے میں ناکام رہا تو اس کو مزید چھ ماہ قید میں رہنا ہوگا۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کو ملی تفصیلات کے مطابق 2013میں ایک شخص (نام مخفی ) نے سوپور عدالت میں ایک عرضی دائر کی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ لین دین کے معاملے میں انہیں ایک شخص نے چیک دی اور جب اس کو کیش کرنے کیلئے بنک گیا تو چیک باونس ہوا ۔ اور اس کو وقت پر رقم نہیں ملی ۔ ڈسٹرکٹ موبائل مجسٹریٹ سوپور میں اس ضمن میں 138سیکشن کے تحت کیس درج کرلیا گیا اور چیک دینے والے کے نام سمن جاری کی گئی ۔ 2013سے عدالت میں کیس چلتا رہا اور 5برسوں کے بعد باالآخر متاثرہ شخص کو انصاف فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ موبائل مجسٹریٹ سوپور جہانگیر بخشی نے ایک فیصلہ سناتے ہوئے قصوروار کو جعلی چیک دینے کے جرم میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے 18ماہ کی قید اور9%کے حساب سے 180000روپے بطور جرمانہ عائد کیا جو کہ اسے متاثرہ شخص کو دینا ہوگا ۔ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے واضح کیا کہ لین دین کے معاملے میں جب کسی شخص کو چیک دیا جاتا ہے اور وہ وقت پر کیش نہیں ہوا تا اس کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اسلئے جب بھی لین دین کا معاملہ ہو طے شدہ وقت اور تاریخ پر رقم اداکرنا ہی بہتر ہے ۔اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں کئی سماجی مسائل پیدا ہوجاتے ہیں ۔
Comments are closed.