سٹیٹ ویجی لینس آرگنائیزیشن کے سابق چیف انجینئر اور ایگزیکیٹو انجینئر پر تلوار لٹکی

عدالت کی ہدایت پر خصوصی ٹیم کے چھاپے ،مزید تحقیقات شروع

 

سرینگر /19 جون// سٹیٹ ویجی لینس آرگنائیزیشن نے اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کرنیوالے سابق پی ایچ ای کے چیف انجینئر اور آر اینڈ بی کے سابق ایگزیکیٹوانجینئروںکے گھروں پر چھاپے ڈالے ،ویجی لینس کے مطابق مذکورہ افسران نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے کئی افراد کو مالی فائدے پہنچا نے کی کارروائیاں انجام دے کر ان سے رشوت خاصل کی ہے ۔ اے پی آئی کے مطابق سٹیٹ ویجی لینس آرگنائیزیشن کی ایک خصوصی ٹیم نے اختیارا ت کا غلط استعمال کرنے ،سرکاری رقومات غبن کرنے اور منظور نظر افراد کو مالی فائدے پہنچانے کے سلسلے میں انسداد رشو ت ستانی کی بارہمولہ عدالت کی ہدایت پر پی ایچ ای کے سابق چیف انجینئر غلام رسول زرگر اور آر اینڈ بی کے سابق ایگزیکیٹو انجینئر کپوارہ ریاض احمد وانی کے رہائشی مکانوں پر چھاپے ڈالے اور خانہ تلاشی کے دوران کئی اہم نوعیت کے ثبوت اپنی تحویل میں لئے ، سابق چیف انجینئر اور سابق ایگزیکیٹو انجینئر کو انسدادرشوت ستانی کی عدالت کی جانب سے بار بار حاضر ہونے کیلئے سمن اجراء کی گئی تاہم دونوں سابق سرکاری افسروں نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کر کے پیشی پر حاضر ہونے کی ضرورت محسوس نہیں کی جس کے انسداد رشوت ستانی کی عدالت نے ان کے رہائشی مکانوںپر چھاپے ڈالنے اور ان کی گرفتاریاں عمل میں لانے کے احکامات صادر کئے ۔ سٹیٹ ویجلی لینس آرگنائیزیشن کے مطابق پی ایچ ای کے سابق چیف انجینئر نے واٹر 1کروڑ27لاکھ روپے مالیت کی واٹر سپلائی اسکیم تعمیر کرنے کے سلسلے میں شوکت احمد پنجارہ نامی ٹھیکیدار کو مالی فائدہ پہنچا نے کیلئے اپنے اختیارات کا نہ صرف غلط استعمال کیا بلکہ واٹر سپلائی اسکیم تعمیر کرنے کے سلسلے میں اپنے ماتحت عملے سے بھی رابطہ نہیں کیا بلکہ چور دروازے سے مذکورہ ٹھیکیدار کے نام ٹھیکیہ الاٹ کر کے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا چونا لگا دیا ۔ سٹیٹ ویجی لینس آرگنائیزین کے مطابق آر اینڈ بی کے سابق ایگزیکیٹو انجینئر کپوارہ نے 7لاکھ 60ہزار روپے کا تعمیراتی ٹھیکہ بغیر کسی ٹینڈر کے الاٹ کرنے کی کارروائی انجام دے کر اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کیا اور مذکورہ سابق ایگزیکیٹو انجینئر نے سرکاری خزانے کو بڑے پیمانے پر چونا لگا دیا ۔ سٹیٹ ویجی لینس آرگنائیزیشن نے دونوں سرکاری افسروں کے خلاف ایف آر زیر نمبر 14/2017زیر دفعہ 5(2)جے کے پی سی ایکٹ ایس وی ٹی درج کر کے مزید تحقیقات شرو ع کردی ۔

Comments are closed.