سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے جنگلات میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والے تلاشی آپریشن کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ فوج کی جانب سے یہ اعلان گذشتہ چند روز کے دوران کپوارہ کے وسیع جنگلات میں جنگجوؤں کو موجود نہ پانے کے بعد لیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ’کپواڑہ کے وسیع جنگلات میں جنگجو مخالف آپریشن 11 جولائی کو شروع کیا گیا۔ اس دوران جنگجوؤں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا ایک زخمی ہوا۔اگلے روز یعنی 12 جولائی کو فوج نے ایک جنگجو کو ہلاک کیا‘۔ انہوں نے بتایا ’اس کے بعد 16 جولائی کو صفا والی گلی علاقہ میں جنگجوؤں اور فوجیوں کے درمیان گولی باری کا تبادلہ ہوا جس میں ایک جنگجو ہلاک جبکہ دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے‘۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 16 جولائی کے بعد طرفین کے مابین کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا جس کے بعد آپریشن کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے بتایا ’ کپواڑہ کے جنگلات میں جنگجو مخالف آپریشن 11 سے 18 جولائی تک جاری رکھا گیا۔ چونکہ 16 جولائی کے بعد سیکورٹی فورسز کا جنگجوؤں کے ساتھ کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا، اس کے پیش نظر آپریشن کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا‘۔
دفاعی ذرائع نے آپریشن کو ختم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا’جی ہاں ۔ آپریشن کو ختم کیا گیا ہے۔ دراندازی کی حالیہ کوششوں کے پیش نظر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فوجیوں اہلکاروں کی موجودگی میں اضافہ کیا گیا ہے‘۔ انہوں نے بتایا ’ہمارے اہلکار دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے تیار ہیں‘ UNI
Comments are closed.