شوپیان کے گائوں میں دوران شب توڑپھوڑاورمکینوں کازدوکوب

9افرادلہولہان،اسپتال منتقل ،نصف درجن گاڑیوں کونقصان:فوج پرالزام

شوپیان:۱۸،جولائی: پہاڑی ضلع شوپیان کے موچھوارہ گائوں میں منگل کورات دیرگئے فوجی اہلکاروں نے مبینہ طورپرکئی گھروں میں داخل ہوکرتوڑپھوڑکی ،اورمکینوں کازدوکوب کیاجن میں سے کئی زخمیوں کواسپتال منتقل کیاگیا۔متاثرہ گائوں سے آئے لوگوں کے ایک وفدنے ایس ایس پی شوپیان کے سامنے صورتحال بیان کی ۔تاہم سری نگرمیں تعینات دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیہ نے الزامات کی سختی کیساتھ تردیدکرتے ہوئے کہاکہ فوجی اہلکارکسی بھی طرح کی توڑپھوڑ،تشدداورزیادتی میں ملو ث نہیں ۔کشمیر نیوزنیٹ ورک کے مطابق ضلع شوپیان کے موچھوارہ گائوں میں بدھ کی صبح دہشت کاماحول تھاکیونکہ یہاں دوران شب فوجی اہلکاروں نے گھروں میں گھس کراودھم مچادی ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ فوج کے9پیراریجمنٹ سے وابستہ اہلکاروں نے منگل کورات ساڑھے11بجے گائوں کامحاصرہ کیا،اورفوجی اہلکارزورزبردستی کئی گھروں میں داخل ہوئے ۔لوگوں کے بقول گھروں میں گھس کرفوجی اہلکاروں نے توڑپھوڑکرنے کیساتھ ساتھ افرادخانہ کی مارپیٹ شروع کردی ۔لوگوں کے مطابق اس دوران کئی گھروں سے چیخنے چلانے کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں جسے پورے گائوں میں خوف وہراس کی لہردوڑگئی ،اورلوگ گھروں میں سہم کررہ گئے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ گھروں میں توڑپھوڑاوربے تحاشہ مارپیٹ کرنے کیساتھ ساتھ فوجی اہلکاروں نے سڑکوں پرکھڑی نصف درجن سے زیادہ گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچایا۔شبانہ صورتحال کی جانکاری سیول وپولیس حکام کے پاس درج کرانے کیلئے ضلعی ہیڈکوارٹرروانہ ہونے کوتیارمقامی آبادی کے وفدمیں شامل افرادنے بتایاکہ فوجی اہلکاروں کی شدیدمارپیٹ کے نتیجے میں متعددافرادزخمی ہوگئے جن میں سے کم وبیش 9زخمیوں کوضلع اسپتال شوپیان منتقل کیاگیا۔جن میں رئیس احمدشاہ ،گوہراحمدشاہ ،الطاف حسین شاہ،شوکت احمدشاہ ،شبیراحمدشاہ ،پرویزاحمدشاہ ،عامرحسین اورمحمدایوب شاہ بھی شامل ہیں ۔چیف میڈیکل آفیسرشوپیان ڈاکٹرجعفرآخون نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ 9شہریوں کوزخمی حالت میں ضلع اسپتال شوپیان لایاگیاجن میں سے کچھ زخمیوں کومزیدعلاج ومعالجہ کیلئے صدراسپتال سری نگرمنتقل کیاگیا۔اُدھرگائوں کے نمبردارنے بتایاکہ فوجی اہلکاروں نے گھروں میں توڑپھوڑکرنے کیساتھ ساتھ گاڑیوں کوبھی نقصان پہنچایا،اورزدوکوب کرکے کئی معصوم شہریوں کوزخمی کیا۔متاثرہ گائوں سے آئے لوگوں کے ایک وفدنے ایس ایس پی شوپیان کے سامنے صورتحال بیان کی ۔مقامی لوگوں کے بقول انہوں نے ایس ایس پی شوپیان سندیپ چودھری کودوران شب فوجی اہلکاروں کی جانب سے مچائی گئی دہشت کے بارے میں مکمل جانکاری فراہم کی ،اورہم نے ایس ایس پی صاحب کوبتایاکہ فوجی اہلکاروں کی گائوں میں آمدبلاجوازتھی کیونکہ گائوں میں کوئی جنگجوموجودنہیں تھا۔تاہم سری نگرمیں تعینات دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیہ نے الزامات کی سختی کیساتھ تردیدکرتے ہوئے کہاکہ فوجی اہلکارکسی بھی طرح کی توڑپھوڑ،تشدداورزیادتی میں ملو ث نہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ الزام سراسربے بنیادہے ۔کرنل راجیش کالیہ نے واضح کیاکہ فوجی اہلکاروں نے مشواڑشوپیان نامی گائوں میں کسی بھی طرح کی زیادتی یاتوڑپھوڑنہیں کی ۔

Comments are closed.