امرناتھ یاترا: دلی کے یاتری کی دل کا دورہ پڑنے سے موت
سری نگر ، 18 جولائی : جنوبی کشمیر میں واقع امرناتھ گھپا میں شیو لنگم کے درشن کے لئے نئی دہلی سے آنے والے ایک یاتری کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بدھ کے روز یہاں یو این آئی کو بتایا ’45 سالہ ارن تھاپا ولد رمن تھاپا ساکنہ نئی دہلی کو 5 جولائی کو امرناتھ یاترا کے بال تل بیس کیمپ میں دل کا دورہ پڑا۔ اسے مقامی طبی مرکز سے سری نگر کے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) منتقل کیا گیا جہاں وہ قریب 13 دنوں تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بدھ کی صبح دم توڑ گیا‘۔ مزید ایک یاتری کی موت ہوجانے کے ساتھ گذشتہ تین ہفتوں کے دوران جاں بحق ہونے والے یاتریوں کی تعداد بڑھ کر 28ہوگئی ہے
۔ ایک یاترا افسر نے بتایا ’ 28 جون سے اب تک قریب28 یاتریوں کی موت ہوچکی ہے۔ ان میں سے بیشتر یاتریوں کی موت قدرتی وجوہات سے ہوئی ہے‘ ۔ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام سے قریب 40 کلو میٹر دور پہاڑی گھپا میں بھگوان شو سے منسوب برفانی عکس (شیولنگ)کے درشن کے لئے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں شردھالو کشمیر آتے ہیں۔
یو این آئی.
Comments are closed.