ریشی پورہ کیموہ کولگام میں بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن کا آغاز

جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے ، پتھراو کے واقعات بھی رونما

سرینگر؍؍16جولائی: ریشی پورہ کیموہ کولگام میں شام دیر گئے جنگجو مخالف آپریشن کا آغاز ، سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔معلوم ہوا ہے کہ نوجوانوں نے سڑکوں پر آکر اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے سیکورتی فورسز پر پتھراو کیا ۔ دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق فسٹ آر آر ، ایس او جی کولگام اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے ریشی پورہ کیموہ کولگام علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔ نمائندے کے مطابق نماز مغرب کے بعد سیکورٹی فورسز نے ریشی پورہ کیموہ کولگام اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو سیل کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کی ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ فوج ، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی بھاری جمعیت نے آس پاس علاقوں کو بھی محاصرے میں لے کر چار دائروں والی سیکورٹی تعینات کی جبکہ جگہ جگہ خصوصی جنریٹر بھی نصب کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد گاؤں میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جا رہے ہیں۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ شام دیر گئے نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر نمودار ہوئیں اور سیکورٹی فورسز پر پتھراو کر نا شروع کیا جس کے نتیجے میں علاقے میں سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب کولگام پولیس کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ریشی پورہ کیموہ کولگام میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران پتھراو ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک گاؤں میں گھر گھر تلاشی کارروائی کا سلسلہ جاری تھا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے

Comments are closed.