خواتین کو نشانہ بنانامذموم ہتھکنڈے : صحرائی
سرینگر:١٧،جولائی : تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے دختران ملّت سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو ساتھیوں فہمیدہ صوفی اورناہیدہ نصرین کی بلاجواز گرفتاری کو طول دینے کے لیے نئی دہلی کی این آئی اے عدالت کی طرف سے جوڈیشل ریمانڈمیں توسیع کرکے تہاڑ جیل بھیجنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کو سیاسی انتقام گیری کی بدترین کارروائی سے تعبیر کیا۔کے این این کو موصولہ بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر کے مظلوم عوام کے جذبۂ آزادی کو ختم کرنے میں ناکامی کے بعد اب اوچھے اور مذموم ہتھکنڈے کے طور یہاں کی خواتین کو بھی اپنی بربریت کا نشانہ بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ آسیہ اندرابی مختلف امراض میں مبتلا ہیں اور تہاڑ جیسی بدنام جیل میں ان کی صحت مزید بگڑ جانے کا اندیشہ ہے جس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوجائے گی۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑرہا ہے اور اس کو معلوم ہونا چاہیے کہ جموں کشمیر کے لوگوں نے بھارت کی جبری غلامی سے آزادی کا تہیہ کررکھا ہے اور وہ حصولِ مقصد تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور کسی بھی موقع پر بھارت کے ظلم، جبر اور بربریت کے آگے سرینڈر نہیں کریں گے۔ انہوں نے واضح کردیا سیدہ آسیہ اندرابی اور دوسرے آزادی کے متوالوں کے قوتِ استقلال کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کمزور نہیں کیا جاسکتا ہے۔صحرائی صاحب نے کہا کہ گزشتہ سال سے این آئی اے نے ریاست گیر سطح پر حریت پسندوں کے عزائم کو مضمحل کرنے کے لیے جو کارروائی شروع کررکھی ہے اس سے یہاں کی تحریک آزادی پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے۔ جھوٹے کیسوں میں پھنسا کر گرفتار رکھنے کی بھارتی روایت اگرچہ پرانی ہے، اس بار دہلی کی جیلوں کے دروازے وا کرکے این آئی اے کے ذریعے اس روایت کو مزید دراز کیا جارہا ہے۔ صحرائی صاحب نے دہلی کے تہاڑ جیل میں محبوس دیگر حریت پسند راہنماؤں شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہد یوسف، محمد اسلم وانی،تاجر ظہور احمد وٹالی، مظفر احمد ڈار، مشتاق احمد لون، محمد شفیع شاہ اور طالب حسین وغیرہ کو فرضی الزامات کے تحت گرفتار رکھنے کی بھی مذمت کی۔صحرائی صاحب نے تہاڑ جیل میں بند کشمیری راہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے عزم وہمت کے لیے بارگاہِ اِلٰہی میں خصوصی دُعا کی۔ محمد اشرف صحرائی نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن، ایمنسٹی انٹرنیشنل، عالمی ریڈکراس اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے متنازعہ ریاست جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے علاوہ قید خانوں میں اسیران بے تقصیر کے ساتھ بدترین قسم کی ایذا رسانیوں کا خود مشاہدہ کرنے کے لیے نہ صرف ریاست جموں کشمیر، بلکہ ان قید خانوں خاص کر تہاڑ جیل کا دورہ کرنے کے لیے اپنی منصبی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔
Comments are closed.