احتجاجی اساتذہ پر رنگین پانی کی بوچھاڑ ،عبد القیوم وانی ساتھیوں سمیت زیر ِ حراست
سری نگر:١٧،جولائی : پولو ویو سرینگر کے گرد ونواح میں اُس وقت افرا تفری اور اتھل پتھل مچ گئی ،جب پولیس نے ایس ایس اے اساتذہ کی جانب سے راج بھون گھیرائو کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے احتجاجیوں پر رنگین پانی کی بو چھاڑ اور ہلکا لاٹھی چارج کیا جسکے نتیجے میں متعدد مظاہرین مضروب ہوئے ۔اس دوران پولیس نے ایجیک صدر عبدالقیوم وانی کو درجنوں ساتھیوں سمیت حراست میں لیا ۔مظاہرین نے بتایا کہ جب تک اُنکے جائز مطالبات کو پورا نہیں کیا جاسکتا ،احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق پو لیس نے منگل کو اساتذہ کے گور نر این این ووہرا کی سرکاری رہائش گاہ راج بھون کی طرف مارچ کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے طاقت کا استعمال کیا ۔ سٹی رپورٹر کے مطابق سینکڑوںاساتذہ منگل کو میونسپل پارک پو لو ویو سرینگر میں جمع ہوئے ،جہاں انہوں نے جے کے ٹیچرس فورم کے بینر تلے اپنے مطالبات کو لیکر صدائے احتجاج بلند کی ۔احتجاجیوں کا مطالبہ ہے کہ ایس ایس اے اور اسکولوں میں تعینات ہیڈ ٹیچرس کو 7ویں پے کمیشن کے زمرے میں لایا جائے ۔انہوں نے یہ مطالبہ کیا کہ ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کو مرکزی وزارت فروغ برائے انسانی وسائل’ڈی ۔لنک ‘ کیا جائے ۔ سٹی رپورٹر کے مطابق میونسپل پارک میں کئی گھنٹوں تک احتجاجی دھر دینے کے بعد احتجاجی اساتذہ نے حسب ِ پروگرام راج بھون کی طرف مارچ شروع کیا ۔ٹیچرس فورم اور ایجیک کے صدر عبد القیوم وانی کی قیادت میں جونہی احتجاجی اساتذہ میو نسپل پارک پولو ویو سے باہر آئے یہاں پہلے سے تعینات پولیس کی بھاری جمعیت اُن کا راستہ روکا اور پار ک سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی،جس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان مزاحمت بھی ہوئی ۔مزاحمت کے دوران پولیس نے عبد القیوم وانی کو درجنوں ساتھیوں سمیت حراست میں لیا اور کوٹھی باغ پولیس تھانہ میں نظر بند رکھا۔اگر چہ احتجاجی اساتذہ نے راج بھون کی جانب اپنا مارچ جاری رکھا ،تاہم پولیس نے احتجاجی اساتذہ کو تتر بتر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور رنگین پانی کی بوچھاڑ کی ۔پولیس کارروائی کے نتیجے میں احتجاجی مارچ میں افراتفری پھیل گئی ،جسکے نتیجے میں متعدد احتجاجی مضروب ہوئے ۔ٹی آر سی سے لیکر پولو ویو چوک تک ٹریفک کی نقل وحرکت اساتذہ کے احتجاجی کے نتیجے میں مکمل طور پر مسدود ہو کر رہ گئی جبکہ مولانا آزاد روڑ پر ٹریفک بڑھنے سے لمبے لمبے ٹریفک جام بھی دیکھنے کو ملے ۔اساتذہ نے کئی گھنٹوں تک پولو ویو روڑ پر دھرنا دیاجبکہ درجنوں اساتذہ رنگین پانی کی بوچھاڑ کے باعث رنگ میں رنگ گئے ۔حراست میں لینے سے قبل ٹیچرس فورم کے صدر عبد القیوم وانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہیں ڈی لنک کی جائیں اورانہیں ریاستی بجٹ کے ساتھ رکھاجائے۔ان کاکہناتھا کہ اساتذہ کی ٹرانسفر پالیسی لاگو کی جائے جبکہ پانچ سالہ سروس کا فائدہ بھی دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو ساتویں پے کمیشن کی سفارشات سے باہر رکھا گیا ،جوکہ سرا سر نا انصافی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ اگر ریاستی سرکار نے ان کی تنخواہوں کو جلد ڈی لنک نہ کیا اور ساتویں پے کمیشن کے زمرے میں نہیں لایا گیا، تو وہ سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اساتذہ کے مطالبات کو پورے نہیں کیا گیا ،تو احتجاجی مظاہروں میں مزید شدت لائی جائیگی ۔
Comments are closed.