محمد یاسین ملک10 روزہ اسیری کے بعد رہا

سری نگر:۱۴،جولائی: لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک کو 10روز بعد کوٹھی باغ پولیس تھانہ سے رہا کردیا گیا۔ملک کو حزب کمانڈر برہان وانی کی دوسری برسی کے موقعے پر حراست میں لیا گیا تھا ۔کے این این کے مطابق محمد یاسین ملک جو 10 روز سے تھانہ کوٹھی باغ میں تحریک حریت کے عمر دال ڈار کے ہمراہ مقید تھے، کو اسیری سے رہا کردیا گیا ہے۔ اسیری کے حالیہ ایام کے دوران پولیس نے انہیں تنظیمی ساتھیوں ،رشتہ داروں اور دوستوں سے ملنے پر بھی پابندی عائد کررکھی تھی،جسکی لبریشن فرنٹ نے مذمت کی ۔ملک کو حزب کمانڈر برہان وانی کی دوسری برسی کے موقعے پر حراست میں لیا گیا تھا ۔ادھر فر نٹ کی جانب سے موصولہ بیان کے مطابق لبریشن فرنٹ کے اہتمام سے دنیا بھر کے کئی ممالک میں ۱۳؍ جولائی یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے احتجاجی پروگرام منعقد کئے گئے۔ ان پروگراموں کے دوران جموں کشمیرمیں بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری جبر و تشدد کی بھی سخت الفاط میں مذمت کی گئی۔ پاکستان کے دارالخلافہ اسلام آباد میں لبریشن فرنٹ قائدین محمد سلیم ہارون، محمد رفیق ڈار اور خواجہ منظور چستی اور دوسرے قائدین نے اس احتجاج میں حصہ لیا جبکہ آزاد کشمیر کے شہرکوٹلی میں ایک ایسا ہی پروگرام ڈاکٹر توقیر گیلانی،اور اشفاق کشمیری کی قیادت میں جبکہ باغ آزاد کشمیر میں جہانگیر مرزا اور میر پور آزاد کشمیر میں ساجد صدیقی اور دوسرے لوگوں نے ایسے ہی احتجاجی پروگراموں کی قیادت کی۔ اسی طرح دنیا بھر میں بھارتی ہائی کمیشن اور سفارت خانوں کے باہر بھی فرنٹ قائدین نے اس حوالے سے احتجاجی پروگرام منعقد کئے۔ فرنٹ قائدین مسعود اقبال میر اور مشتاق دیوا کی قیادت میں برسلزمیں، قائدین مشتاق پاشا اور مزمل عادل کی قیادت میں فرانس میں جبکہ پروفیسر ظفر، تحسین گیلانی ،محمود حسین اور دوسرے لوگوں کی سربراہی میں لندن میں بھی اسی قسم کے احتجاجی پروگرام منعقد کئے گئے۔فرنٹ قائدین و اراکین نے فن لینڈ کے شہر ہیلسنکی میں بھی ایسے ہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس سے قائدین تنویر احمد چوہدری اور حافظ مظہر اقبال نعیمی نے شرکاء سے خطاب کیا۔ان احتجاجی پروگراموں کے دوران مقررین اور شرکائے احتجاج نے ۱۹۳۱ ؁ء کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے جموں کشمیر کی آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جن سے کوئی بھی متنفس صرف نظر نہیں کرسکتا۔ شرکائے احتجاج نے بھارتی قابض افواج اور فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کا خیر مقدم کیا اور یقین ظاہر کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری مسئلہ جموں کشمیر جیسے انسانی مسئلے کو حل کرانے کیلئے مثبت اقدامات اُٹھائے گی۔ درایں اثناء لبریشن فرنٹ نے بٹہ مالو سرینگر کے دو معصوم جوانوں احقان ریشی اور منان صوفی کے ایک دلدوز حادثے میں جاں بحق ہوجانے پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ لبریشن فرنٹ ان دونوں معصومین کی وفات پر انکے غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اللہ تعالیٰ سے ان کیلئے جنت نشینی اور انکے غم زدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل و جزیل کی دعاگو ہے۔

Comments are closed.