پی ڈی پی نے بدحکمرانی سے یہاں دہشت زدہ ماحول قائم کیا :ناصر اسلم وانی
ساڑھے تین سال میں صرف نوجوان کُش پالیسیاں اختیار کی گئیں
سرینگر:۱۴،جولائی:کے این این/ موجودہ امن و قانون کی بدترین صورتحال، مسلسل شہری ہلاکتوں، عوامی مشکلات، بڑھتی ہوئی اقتصادی بدحالی، سیاسی خلفشار اور انتظامی انتشار کو پی ڈی پی کی سربراہی والی نااہل حکومت کی حصولیابیاں قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا ہے کہ قلم دوات جماعت کی بدحکمرانی کا خمیازہ لوگ گذشتہ ساڑھے3سال سے بھگت رہے ہیں۔کے این این کو بھیجے گئے بیان کے مطابق ان باتوں کا اظہار انہوں نے یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی سطح کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر صدرِ صوبہ یوتھ کشمیر سلمان علی ساگر، مشتاق احمد گورو، احسان پردیسی، مدثر شہمیری اور ایڈوکیٹ جہانگیر یعقوب کے علاوہ ضلع صدور بھی موجو دتھے۔ ناصر اسلم وانی نے اپنے خطاب میں موجودہ حالات کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست خصوصاً وادی میں 2010کے بعد انتہائی محنت، لنگن، کوششوں ،حکمت عملی اور عوامی اشتراک سے حالات کو پٹری پر لایا گیا۔ امن و قانون کی خراب صورتحال کے بعد وادی میں جلد ہی زندگی واپس لوٹ آئی، تعمیر و ترقی نے عروج پکڑا، اقتصادی طور پر بھی لوگ آگے بڑھنے لگے، روزگار کے مواقع میسر ہوئے، سیاحتی شعبہ جوبن پر تھا ، یہاں تک کہ 2014کے تباہ کن سیلاب سے بھی یہاں کے لوگوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور لوگوں نے حکومت کے شانہ بہ شانہ چل کر اس مایوس کُن دور سے بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ تاہم پی ڈی پی اور اُن کے ساجھیداروں نے اقتدار سنبھالنے کے ساتھ ہی ریاست کو اندھیروں میں دھکیلنا شروع کردیا۔ پی ڈی پی اور بھاجپا کے ناپاک اتحاد کیساتھ ہی ریاست کے لوگوں پر مصیبت کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔ قلم دوات جماعت کی سربراہی والی حکومت نے اقتدار شروع سے ہی نوجوانوں مخالف پالیسی اختیار کی اور حکومت گرنے تک لگاتار یہاں کے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ گذشتہ ساڑھے 3سال میں یہاں کے لوگوں خصوصاً نوجوانوں پر جو مظالم ڈھائے گئے اُن کی مثال تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔ پی ڈی پی حکومت نے عوام پر مار دھاڑ، جبر و استبداد، خوف و ہراس، پکڑ دھکڑ اور توڑ پھوڑ کے ریکارڈ توڑ مظالم ڈھا کر یہاں دہشت زدہ ماحول قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس وقت بدترین اقتصادی بدحالی کے شکار ہیں، تعمیر و ترقی محض ذرائع ابلاغ میں دکھائی دیتی ہے، بے روزگاری نے پھر سے عروج پکڑ لیا ہے اور لوگ عدم تحفظ کے شکار ہیں۔ ناصر نے کہا کہ پی ڈی پی نے ساڑھے 3سالہ دورِ حکومت میں اگر کچھ کیا تو وہ کنبہ پروری، اقرباپروری، رشوت ستانی اور کورپشن ہے۔
Comments are closed.