گورنر صاحب اسمبلی کو تحلیل کرکے ہمیں بغیر کام کے تنخواہیں دینا بند کریں: عمر عبداللہ

سری نگر۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی کو تحلیل کرکے ممبران اسمبلی کو بغیر کام کے تنخواہیں دینا بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ ممبران اسمبلی کو بغیر کام کے تنخواہیں دینے سے خزانہ عامرہ کا پیسہ ضائع ہوجاتاہے۔عمر عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کی صبح یہاں ’یوم شہدائے کشمیر‘ کے موقع پر اپنے پارٹی رفقاء کے ہمراہ مزار شہداء نقشبند صاحب میں حاضری دینے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں جاری شہری ہلاکتوں کے سلسلے کے تھمنے تک ریاست بالخصوص وادی کشمیر کے حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔

عمر عبداللہ نے ریاستی گورنر سے اسمبلی کو تحلیل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ’ہم گورنر صاحب سے دوبارہ گذارش کرتے ہیں کہ اسمبلی کو معطل رکھنے میں کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ہمیں کوئی کام نہیں کرپاتے ہیں۔ معطلی ٹھیک تھی اگر ہمیں کام کرنے کی اجازت ہوتی۔ ہم اپنا سی ڈی ایف استعمال نہیں کرسکتے۔ اپنے علاقہ میں جاکر افسروں کے ساتھ میٹنگ نہیں کرسکتے۔ لوگوں کی خدمت اور ان کے مشکلات حل نہیں کرسکتے۔ تو تنخواہ ہم کس بات کی لے رہے ہیں۔ تو پھر ہمیں سی ڈی ایف استعمال کرنے اور فیلڈ میں جانے کی اجازت دے دیجئے۔ اگر آپ ہمیں بناء وجہ ہر ماہ کے آخر پر تنخواہ دیتے ہیں تو وہ پیسہ آپ ضائع کرتے ہیں۔ ہارس ٹریڈنگ بھی بند کریئے ، تنخواہیں بھی بند کریئے اور اسمبلی بھی تحلیل کریئے ۔ جب حالات ٹھیک ہوں، شہری ہلاکتوں کا سلسلہ رک جائے گا ، جب لوگوں میں غصہ کم ہوجائے گا اس کے بعد ہم الیکشن پر بات کرسکتے ہیں، تب تک الیکشن پر بات کرنا بھی صحیح نہیں ہے‘۔

Comments are closed.