سجادگلکارکی پہلی برسی،شہرخاص میں مکمل ہڑتال

میوہ ریڈھیوں کونذرآتش کرنے کیخلاف صورہ میں کشیدگی

سرینگر:١٢،جولائی: ایک سال قبل دیگردو ساتھیوں کے ہمراہ رڈبُگ بڈگام میں ایک جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوئے سجاداحمدگلکارکی پہلی برسی کے موقعہ پرشہرخاص میں مکمل تعزیتی ہڑتال رہی ۔اس دوران صورہ علاقہ میں بدھ کی شام میوہ فروشوں کی ریڈھیوں کونذرآتش کئے جانے کیخلاف تنائواورکشیدگی جاری رہی۔کے این این سٹی رپورٹرکے مطابق ایک سال قبل وسطی ضلع بڈگام کے رڈبگ گائوں میں ایک جھڑپ کے دوران دیگرتین ساتھیوں کے ہمراہ جاں بحق ہوئے حزب جنگجوسجاداحمدگلکارساکنہ نوہٹہ کی پہلی برسی کے موقعہ پرشہرخاص کے سبھی حساس علاقوں بشمول نوہٹہ،گوجوارہ،راجوری کدل ،نقشبندصاحب،جامع مارکیٹ اورنواحی علاقوں میں تعزیتی ہڑتال کی گئی ۔ تمام بازاراورکاروباری مراکزبندرہے جبکہ سڑکوں پرگاڑیوں کی آمدورفت بھی معمول سے کم رہی ۔اس دوران سجادگلکارکے آبائی گھرمیں دن بھر تعزیتی مجالس کااہتمام ہوتارہا۔ خیال رہے29جون 2017کولاپتہ ہوجانے کے بعد11جولائی کوشام دیرگئے سجاداحمدگلکارنے گھرفون کیا،اورکہاکہ وہ ایک جگہ کچھ ساتھیوں کے ہمراہ فورسزکے محاصرے میں پھنس گیاہے اورنہیں جانتاکہ وہ بچ نکل پائیگاکہ نہیں ۔سجادنے والدسے اپنی ماں سے بات کرنے کی خواہش ظاہرکی تھی ۔رات بھرسبھی افرادخانہ سجادکی سلامتی کیلئے دعائیں مانگتے رہے لیکن اگلی صبح یعنی12جولائی2017کویہ خبرآئی کہ سجادگلکاردیگردو ساتھیوں کے ہمراہ جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوگیا۔حزب المجاہدین سے وابستہ اس جنگجونوجوان کی نمازجنازہ میں لوگوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی ۔اُدھرصورہ علاقہ میں بدھ کوشام دیرگئے میوہ فروشوں کے میوئوں سے بھری ریڈھیوں کونذرآتش کئے جانے کیخلاف علاقہ میں جمعرات کوکشیدگی کاماحول رہاتاہم یہاں کوئی ناخوشگوارواقعہ رونمانہیں ہوا۔خیال رہے ریاستی پولیس کی جانب سے بدھ کی شام ایک بیان جاری کرکے یہ واضح کیاگیاکہ صورہ علاقہ میں میو ہ ریڈھیاں نذرآتش کئے جانے کے واقعے میں سیکورٹی اہلکارملوث نہیں بلکہ یہ کچھ شرپسندوں کی کارستانی ہے۔پولیس نے خبردارکیاکہ غلط بیانی اورافواہ بازی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

Comments are closed.