کشمیری اپنے پیاروں کے جنازے اٹھانے پر مجبور : ملک
کشمیری اپنے پیاروں کے جنازے اٹھانے پر مجبور : ملک
سرینگر:١١،جولائی : لبریشن فر نٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے پیاروں کے جنازے اٹھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔کے این این کو موصولہ تحریری بیان کے مطابق پولیس نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی حراستی ریمانڈ کو 13جولائی2018ء تک بڑھا دیا ہے۔ یاسین ملک جو تحریک حریت کے عمر عادل ڈار کے ہمراہ تھانہ کو ٹھی باغ میں مقید ہیں کو6جولائی2018ء کو اُن کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا اور تب سے وہ پولیس کی حراست میںہی ہیں ۔ لبریشن فرنٹ کے ایک ترجمان نے فرنٹ چیئرمین کی گرفتاری کو طول بخشنے کی پولیس کاروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی قائدین اور کارکنان کو قید کرنا اور انہیں اپنی سیاسی کاوشوں کو انجام دینے سے روکنا ہر لحاظ سے غیر جمہوری اور جا برانہ طرز عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے ممیندر شوپیان میں ایک پُراسرار دھماکے کے نتیجے میں ایک اور کشمیری بچے کے شہید ہوجانے پر اپنے دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کشمیریوں کو اپنے پیاروں کے جنازے اٹھا نے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ اور اس کی کی بنیادی وجہ کشمیر پر بھارت کا فوجی قبضہ ہے جو ہر لحاظ سے کشمیریوں کو شکار بنانے میں مصروف کار ہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ ابھی کل شہید ہوجانے والوں کا غم تازہ ہی ہے کہ نئی آفت نے ہمیں ایک اور بچہ کی لاش سونپ دی ہے جبکہ آدھ درجن کے قریب لوگ زخمی ہو کرموت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔ یاسین ملک نے شہید ہوجانے والے بچے کی جنت نشینی کے لئے دعا کرتے ہوئے اس مذموم واقعے میں زخمی ہوجانے والوں کی فوری اور مکمل صحت یابی کے لئے بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔ درایں اثنا ء فرنٹ نے سوپور میں اپنے شہید محمد سلطان ڈار کے والد گرامی غلام الدین ڈار عرف کسوکی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ فرنٹ کا ایک وفد جس میں ظہور بٹ، نثار جیلانی،الطاف گوجری اور خضر محمد شامل تھے اآج مرحوم کے ہاں پہنچا اور ان کے لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔وفد نے مرحوم کے لئے جنت نشینی کی دعا کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل و جزیل کی دعاہیں کیں ۔
Comments are closed.