کپوارہ معرکہ آرائی :فوجی کمانڈو ہلاک ،ایک زخمی

وسیع جنگلی علاقے کا فوجی محاصرہ،جنگجو ئوں کے خلاف تلاشی کارروائی جاری

کپوارہ:١١،جولائی :کے این این/ سرحدی ضلع کپوارہ کے کنڈی جنگل میں جنگجوئوں اور فوج کے درمیان جاری معرکہ آرائی میں فوج کا ایک کمانڈو ہلاک اور ایک زخمی ہوا ۔اس کے بعد آپریشن کو وسیع کردیا گیا اور جنگلی علاقے کا محاصرہ کرکے فوج نے بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آ پریشن شروع کیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق کنڈی کپوارہ کے جنگلی علاقے میں بدھ کو ایک تلاشی کارروائی کے دوران جنگجوئوں اور فوج کے مابین آمنا سامنا ہوا ،جس دوران طرفین کے مابین شدید نوعیت کی فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،جس میں فوج کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔معلوم ہوا ہے کہ سادھو گنگا کنڈی کپوارہ جنگلی علاقے میںفوج نے جنگجوئوں مخالف آپریشن شروع کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ علاقے میں منگل کی دوپہر کوفوج کی47آر آر معمول کی گشت کررہی تھی ،جس دوران یہاں جنگجوئوں اور فوج کے درمیان آمنا سامنا ہوا ۔معلوم ہوا ہے کہ جنگجوئوں نے مذکورہ فوجی اہلکاروں پر اند دھا دھند فائرنگ کی ،جسکے ساتھ ہی طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی ،جو مختصر وقت کیلئے جاری رہی ،جس دوران جنگجو فوج کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے ۔معلوم ہوا ہے کہ اس کے بعد مزید فوجی کمک طلب کی گئی اور3پیرا کمانڈوز کی خد مات بھی حاصل کی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو جب مذکورہ علاقے میں دوبارہ جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ،تو ایک مرتبہ پھر جنگل میں محصور جنگجوئوں اور فوج کے درمیان پھر آمنا سامنا ہوا ۔اس موقع پر ایک مرتبہ طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں 3پیرا سے وابستہ ایک اہلکار مکل مینا شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر درگ مولہ کپوارہ فوجی اسپتال پہنچایا گیا ،جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا ۔معلوم ہوا ہے کہ گولیوں کے تبادلے میں ایک اور اہلکار زخمی ہوا ،جسکی حالت مستحکم ہے ۔ایس ایس پی کپوارہ نے بھی فوجی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔خبر رساں ادارے جے این ایس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایس ایس پی کپوارہ امبرکار شری رام نے بتایا کہ کنڈی کپوارہ میں معرکہ آرائی کے دوران ایک فوجی اہلکار لقمہ اجل اور ایک زخمی ہوا جبکہ یہ آپریشن جاری ہے ۔اس دوران آپریشن کو وسیع کردیا گیا اور جنگلی علاقے کا محاصرہ کرکے فوج نے بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آ پریشن شروع کیا ۔یاد رہے کہ گزشتہ دونوں ماگام ہندوارہ کپوارہ کے جنگلی علاقے میں جنگجوئوں اور فوج کے درمیان گولیوں کے تبادلے میں ایک عد م شناخت جنگجو جاں بحق ہوا تھا ۔یہ دعویٰ فوج کی جانب سے کیا گیا تھا ۔

Comments are closed.