تعلیمی مراکز میں احتجاجی مظاہروں کو ختم کرنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ
اسکولوں اور کالجوں میں طلاب کو اکسانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی /سرکار
سرینگر؍15؍جون؍؍وادی کے تعلیمی مراکز میں آئے روز طلاب کی جانب سے مظاہرے کرنے کے بیچ سیکورٹی ایجنسیوں نے سماج دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اسکولوں اور کالجوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی سفارش کی ہے تاکہ ایسے افراد کا پتہ لگایا جا سکے جو نوجوانوں کو تشدد کیلئے اکسا رہے ہیں۔ شمالی کشمیر کے کالجوں اور اسکولوں میں سی سی ٹی کیمرے نصب کرنے کے سلسلے میں باضابط طورپر ضلع انتظامیہ نے ہری جھنڈی دکھائی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق پلوامہ ڈگری کالج میں طلاب کی ہڈی پسلی ایک کرنے کے بعد پوری وادی میں مسلسل دو ماہ سے فورسز اور طالب علموں کے درمیان تصادم آرائیوں کے واقعات رونما ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز ہی پلوامہ ہائر اسکنڈری میں زیر تعلیم طلاب اور فورسز کے درمیان مظاہرئے ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق تعلیمی مراکز میں تشدد آمیز واقعات رونما ہونے کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے سماج دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے فوری طورپر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی سفارش کی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پچھلے دو ماہ سے کالجوں اور ہائر اسکنڈریوں میں احتجاجی مظاہروں کے بعد پولیس کو پتہ چلا ہے کہ باہر سے آنے والے نوجوان طالب علموں کو تشدد کیلئے اکسا رہے ہیں جس کے نتیجے میں درس و تدریس کا کام کاج متاثر ہو رہا ہے۔ نمائندے کے مطابق سیکورٹی ایجنسیوں اور ریاستی حکومت نے کالجوں اور ہائر اسکنڈری اسکولوں میں امن و امان قائم کرنے اور طلاب کو تشدد کیلئے مجبور کرنے والے افراد کا پتہ لگانے کیلئے تمام تعلیمی اداروں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے کی ایک کڑی کے تحت شمالی کشمیر کے اسکولوں اور کالجوں میں کلوز سرکٹ کیمرے نصب کرنے کے ضمن میں باضابط طورپر احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایس ایس پی بارہ مولہ نے ضلع انتظامیہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی مہینوں سے ضلع میں تعلیمی مراکز کے اندر ہو رہے احتجاجی مظاہرئے دراصل باہر سے آنے والے لوگ کر رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ وادی کے مختلف اضلاع کے تعلیمی مراکز میں پیش آنے والے پُر تشدد واقعات کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے کالجوں اور ہائر اسکنڈری اسکولوں میں احتجاجی مظاہروں کو ختم کرنے کیلئے سی سی ٹی کیمرے نصب کرنے کی سفارش کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیف ایجوکیشن آفیسر بارہ مولہ نے 31مئی کو سرکیولر جاری کرتے ہوئے اسکولوں اور کالجوں کے پرنسپلوں کو فوری طورپر تعلیمی مراکز میں سی سی ٹی کیمرے نصب کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
Comments are closed.