بوگنڈ کولگام میں مسلح افراد نے پولیس کانسٹیبل کو گولیوں سے بوندھ کر رکھ دیا موقعے پر ہی موت واقع
کولگام ، شوپیاں، پلوامہ اضلاع میں سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات
سرینگر؍15؍جون؍ جنوبی کشمیر کے بوگنڈ کولگام میں مسلح افراد نے پولیس کانسٹیبل پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اُس کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس وفورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ عسکریت پسندوں نے پولیس اہلکار پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اُس کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔ واضح رہے کہ پولیس سربراہ نے حال ہی میں سرکیولر جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر کے مختلف اضلاع میں رہائش پذیر پولیس اہلکار چھٹی کے دوران محتاط رہے ۔ جے کے این ایس کے مطابق جنوبی کشمیر کے بوگنڈ کولگام میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں نے کانسٹیبل شبیر احمد ڈار پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے پولیس کانسٹیبل کو فوری طورپر نزدیکی اسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ نمائندے کے مطابق پولیس کانسٹیبل دو دن کی چھٹی پر گھر آیا تھا ۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے بوگنڈ کولگام اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی ۔ ذرائع کے مطابق وسیع علاقہ کی ناکہ بندی کے بعد عسکریت پسندوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع نے اس سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ کانسٹیبل شبیر احمد ڈار نے دو دن کیلئے چھٹی لی تھی اور جونہی وہ گھر پہنچا تو نامعلوم مسلح افراد نے اُس کو رہائشی مکان کے نزدیک گولیوں سے بوندھ کر رکھ دیا جس کے نتیجے میں اُس کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس ضمن میں کیس درج کرکے مسلح افراد کی تلاش شروع کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے جنگجویانہ حملوں میں تیز ی آنے کے بعد سرکیولر جاری کیا جس میں بتایا گیاکہ جنوبی کشمیر میں رہائش پذیر پولیس اہلکار گھر جانے کے دوران محتاط رہے ۔دریں اثنا پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت کے بعد جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں پولیس وفورسز کو متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شوپیاں ، کولگام ، اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کیلئے پولیس وفورسز کو متحرک کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پلوامہ اور جموں سرینگر شاہراہ پر فوج کو بھی جگہ جگہ تعینات کیا گیا ہے۔
Comments are closed.