جواہر ٹنل میں شگاف ،ایک دہانہ بند
تجدید ومرمت کام شروع ،عنقریب دوبارہ کھول دیا جائیگا :حکام
سری نگر:۱۰،جولائی : 50کی دہائی میں تعمیر کی گئی2.85کلو میٹر جواہر ٹنل میں شگاف پڑ گئے ،جس کے بعد احتیاطاً ٹنل کا ایک دہانہ بند کردیا گیا ۔حکام کا کہنا ہے کہ ایک دہانہ کھلا ہوا ہے ،جہاں سے ٹریفک کی روانی جاری رکھی گئی ہے جبکہ ٹنل کی تجدید ومرمت کا کام شروع کیا گیا ہے اور عنقریب اِسے دوبارہ ٹریفک کیلئے بحال کردیا جائیگا ۔اس دروان ٹریفک حکام نے ایک ایڈوائزی بھی جاری کی ہے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کو معلوم ہوا ہے کہ سرینگر ۔جموں شاہراہ پر واقع جو اہر ٹنل کے ایک دہانے(ٹیوب ) میں شگاف پڑ گئے ہیں ،جسکے بعد اسے ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند کردیا گیا ۔ٹریفک حکام کے مطابق جوا ہر ٹنل کے دو دہانوں میں سے ایک دہانے میں اُس وقت شگاف پڑ گئے جب یہاں اچانک چٹانیں کھسکنے لگیں ۔انہوں نے کہا کہ خلائی نالی میں پتھر گر آنے کے سبب اسے نقان پہنچا ۔ان کا کہناتھا کہ شگاف پڑنے کے ساتھ ہی اس دہانے کو ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے احتیاطاً بند کردیا گیا ،تاہم دوسرے دہانے (ٹیوب ) سے ٹریفک کی روانی کو دونوں اطراف سے جاری رکھا گیا ۔ادھر حکام کا کہنا ہے کہ شگاف پڑنے والے دہانے میں تجدید ومرمت کا کام شروع کیا گیا ،جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے ،تاہم عنقریب اس ٹنل کے دو نوں دہانوں سے ٹریفک کی آمد ورفت بحال کردی جائیگی ۔یاد رہے کہ سرینگر ۔جموں شاہراہ واحد زمینی رابط ہے ،جو کشمیر کو با قی ماندہ دنیا سے جوڑتا ہے اور اسے ’’گیٹ وے آف کشمیر‘‘ کہا جاتا ہے ۔ٹریفک حکام نے ایڈوائزی بھی اس متعلق جاری کی ہے ،جس میں بتایا گیا ہے کہ ٹنل کی تجدید ومرمت کا کام ہاتھ میں لیا گیا ہے ،جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے ،لوگوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر کرنے سے پہلے سرینگر اور جموں میں قائم ٹریفک پولیس کنٹرول رومز سے رابط قائم کریں اور روڑ کی حالت سے متعلق جانکاری حاصل کرنے کے بعد ہی اس شاہراہ پر سفر کریں ۔روزانہ اس شاہراہ پر ہزاروں مسافر ومال بردار گاڑیاں سفر کرتی ہیں ۔ادھر ٹنل کا ایک دہانہ بند ہونے سے بانہال اور قاضی گنڈ میں درجنوں گاڑیاں درماندہ ہو کر رہ گئیں جبکہ شاہراہ پر ٹریفک کے لمبے لمبے جام بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ایک مسافر نے کے این این کو ٹیلی فون پر بتایا کہ شاہراہ پر ٹریفک کچوے کی رفتار سے جاری ہے اور مسافروں کو سخت ترین مسائل کا سامنا ہے ۔یاد رہے کہ انگریزوں کے زمانے میں جوا ہر ٹنل کی تعمیر کی گئی ۔سرینگر ،جموں شاہراہ ہر ہر موسم میں کھلا رکھنے کیلئے1950میں اس پر2.85کلو میٹر لمبی سرنگ کھودی گئی تھی اور دوسال میں کام مکمل کیا گیا تھا ۔جواہر ٹنل کو 1956میں ٹریفک کی روانی کیلئے پہلی بار کھول دیا گیا تھا ۔اُس وقت کے انجینئروں نے ٹنل اور شاہراہ کیلئے ایک حد مقرر کی تھی ،جو غالباً ختم ہوچکی ہے ۔سرینگر ۔جموں شاہراہ اور ٹنل کی تجدید ومرمت کا کام بارڈر روڈس آر گنائزیشن انجام دیتی ہے ،جس نے اس ٹنل کو متعدد مرتبہ بحالی کا کام انجام دیا ،تاکہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمد ورفت کو یقینی بنایا جاسکے ۔
Comments are closed.