جنوبی کشمیر میں انٹر نیٹ سروس ہنوز معطل
کولگام میں شہری ہلاکتوں کے خلاف ہڑتال ،دیگر اضلاع میں زندگی بحال
سری نگر:٩،جولائی :/ جنوبی ضلع کولگام میں شہری ہلاکتوں کے خلاف پیر کو مسلسل تیسرے روز ہمہ گیر ہڑتال رہی جبکہ امن وقانون کی صورتحال جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات منقطع رہیں،تاہم وسطی اور شمالی کشمیر میں موبائیل انٹر نیٹ خد مات بحال کردی گئیں ۔دریں اثناء وادی بھر میں معمو لات زندگی بحال ہوگئے ،جس دوران ریل سروس بھی بحال کردی گئی ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق ہائوورہ کولگام میں فورسز کے ہاتھوں 16سالہ کمسن طالبہ سمیت3عام شہریوں کی ہلاکت کے خلاف پیر کو مسلسل تیسرے روز بھی ہڑتال رہی ۔پورے ضلعے میں دکانات ،کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز ،سرکاری وغیر سرکاری تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا ۔اس دوران ضلعے کے حسا س علاقوں میں امکانی احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر سیکورٹی بندوبست سخت کئے گئے ،اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔ادھر جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع میں کولگام ،پلوامہ ،شوپیان اور اننت ناگ میں موبائیل انٹر نیٹ سروس منقطع رہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ (بی ایس این ایل) سمیت تمام مواصلاتی کمپنیوں نے موبائیل انٹر نیٹ انٹر نیٹ خد مات منقطع رہیں۔تاہم وسطی اور شمالی کشمیر میں پیر کی شب 10بجے رات موبائیل انٹر نیٹ خد مات بحال کردی گئیں ۔یاد رہے کہ جنوبی کشمیر میں سنیچر کے روز تین عام شہریوں کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد موبائیل انٹر نیٹ خد مات منقطع کردی گئیں ۔بعد ازاں وسطی ضلع سرینگر ،بڈگام ،گاندر بل ،بانڈی پورہ ،بارہمولہ اور کپوارہ مو بائیل انٹر نیٹ خد مات منقطع کردی گئیں ۔حکام کا کہنا ہے کہ امن وقانون کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے جنوبی کشمیر میں موبائیل انٹر نیٹ خد مات منقطع رکھی گئیں ۔دریں اثناء وادی کشمیر میں مسلسل دو روز تک جاری رہنے والی احتجاجی ہڑتال ،کرفیو ،پابندیوں اور بندشوں کے بعد معمو لات زندگی دوبارہ بحال ہوگئے ۔شہر خاص میں مسلسل تین روز تک جاری رہنے والی پابندیاں اور بندشیں پیر کو ہٹائی گئیں ۔سرینگر کے تجارتی قلب لالچوک ،شہر خاص سمیت تمام بازاروں میں دکانات ،کاروباری ادارے اور تجارتی مراکز کھلے رہے جبکہ پبلک ٹرا نسپورٹ بھی سڑکوں میں معمول کے مطابق چلتا رہا ۔سرکاری اور غیر سرکار دفاتر میں بھی معمول کا کام کاج بحال ہوا جبکہ بارہمولہ ۔بانہال ریل سروس بھی بحال کردی گئی ۔جمعہ کو شہر خاص میں برہان وانی کی دو سری برسی کے موقعے پر پابندیاں اور بندشیں عائد کی گئیں ،جو مسلسل تین روز تک جاری رہیں جبکہ قصبہ ترال میں اعلانیہ کرفیو نافذ رہا ۔اس دوران مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے برہان وانی کی دوسری برسی اور این آئی اے کے ہاتھوں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی دو رفقاء سمیت دہلی منتقلی کے خلاف ہڑتال کی کال دی تھی ،جس پر دوروز تک وادی بھر میں فقید المثال ہڑتال کے سبب معمو لات زندگی مفلوج رہے ۔
Comments are closed.