حاجن میں پُراسرار شبانہ خنجر زنی واقعہ ،خاتون ہلاک

شوپیان کے نوجوان کی گولیوں سے چھلنی نعش کولگام سے برآمد

حاجن ،کولگام:٩،جولائی : شمالی قصبہ حاجن بانڈی پورہ میں خنجر زنی کے ایک اور پُراسرار واقعے میں نامعلوم افراد نے سیاسی کارکن کی اہلیہ پر حملہ کرکے ابدی نیند سلا دیا ۔پولیس نے واقعہ کی نسبت قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔ادھر شوپیان کے25سالہ نوجوان کی گولیوں سے چھلنی نعش کولگام سے پُراسرار حالت میں برآمد کی گئی ۔دونوں علاقوں میں اِ ن واقعات پر کہرام اور صف ماتم بچھ گئی ۔ادھر پولیس نے دونوں واقعات سے متعلق علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق شمالی ضلع بانڈی پورہ کے حساس قصبہ حاجن میں اپنی نوعیت کے ایک اور پُراسرار خنجر زنی واقعہ میں زخمی خاتون نے جے وی سی اسپتال بمنہ میں زندگی کی آخری سانس لی ۔اس سلسلے میں ملی تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب رات10بجکر45منٹ پر تین نامعلوم نقاب پوش افراد پی ڈی پی ورکر عبدالمجید ڈا ر ولد عبد الغفار ساکنہ شاہ گنڈ سمبل کے رہائش مکان میں داخل ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ تینوں مسلح نقاب پوش افراد ڈار کو اغوا کرنے کیلئے گھر میں داخل ہوئے تھے ،جس دوران مذکورہ سیاسی کارکن شکیلا بیگم کے ساتھ اُنکی مزاحمت ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ حملہ آئوروں نے شکیلا بیگم پر خنجر سے حملہ کیا ،جسکے وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا ۔زخمی خاتون کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچا یا گیا ،جہاں سے اُسے سرینگر منتقل کیا گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ خاتون کو اسپتال پہنچا نے میں تاخیر ہوئی ،جس دوران اُسے جے وی سی اسپتال بمنہ سرینگر پہنچا یا گیا ۔اسپتال ذرائع کے مطابق 45سالہ خاتون کے جسم پر متعدد شدید زخم لگے ۔ذرائع کے مطابق خاتون کے پیٹ اور گردن میں انتہائی شدید زخم لگے تھے ۔جے وی سی اسپتال بمنہ سرینگر میں زخمی خاتون نے علاج ومعالجہ کے دوران زندگی کی آخری سانس لی ۔فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا خاتون کی موت خون ضائع ہونے یا شدیداندرونی زخم لگنے سے ہوئی ہے ۔ پولیس ترجمان نے معاملے کی نسبت ایک تحریری بیان جاری کیا ،جس میں بتایا گیا حاجن میں خنجر حملے میں خاتون کی موت ہوگئی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ افراد نے حاجن بانڈی پورہ میں عبد المجید ڈار ساکنہ حاجن بانڈی نامی شہری کی اہلیہ شکیلا بانو پر خنجر سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں مذکورہ خاتون شدید زخمی ہوئی ۔اُسے جے وی سی اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات کی جارہی ہے جبکہ معاملے کو شدت پسندی کے زائوے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہے ۔اس دوران جونہی خاتون کی نعش آبائی گائوں پہنچائی گئی ،تو کہرام اور صف ماتم بچھ گئی ۔ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق کولگام میں اُس وقت سرا سیمگی پھیل گئی جب یہاں شوپیان کے نوجوان کی نعش برآمد کی گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ 25سالہ طارق احمد ولد غلام حسن ساکنہ ہیف شوپیان نامی نوجوان کی گولیوں سے چھلنی نعش کولگام کے رکھ مومن گائوں سے برآمد کی گئی ۔بتایا جاتا ہے کہ کچھ افراد کی نظر پیر کو اس نعش پرپڑی ،جسکے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا ۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچ گئی ،جس نے نعش کو قانونی اور طبی لوازمات کی خاطر اپنی تحویل میں لیا ۔بعد ازاں نعش کو ورثاں کے سپرد کیا گیا ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔

Comments are closed.