ہندوارہ میں جھڑ پ ،عدم شناخت جنگجو جاں بحق ،آپریشن جاری

ترال میں سی آر پی ایف پر2 گرینیڈ حملے،کوئی ہلاک یا زخمی نہیں

ہندوارہ،ترال:٩،جولائی :کے این این/ ماگام ہندوارہ کپوارہ کے جنگلی علاقے میں جنگجوئوں اور فوج کے درمیان گولیوں کے تبادلے میں ایک عد م شناخت جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ یہاں مزید جنگجوئوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر آپریشن جاری ہے ۔ادھر جنگجوئوں نے جنوبی قصبہ ترال میں جنگجوئوں نے سی آر پی ایف پرپے در پے2 گرینیڈ سے حملے کئے ،تاہم ان حملوں میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق ماگام ہندوارہ ضلع کپوارہ میں جنگجوئوں اور فوج کے درمیان ایک مختصر جھڑپ ہوئی ،جس میں ایک عد م شناخت جنگجو جاں بحق ہوا ۔ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب 47آر آر نے ماگام کپوارہ کے جنگلی علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ فوج کو ایک خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں جنگجوئوں کا ایک مسلح گروپ موجود ہے ،جس کے بعد یہاں تلاشی کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ جب یہاں جنگجوئوں کو گھیرے میں لیا گیا ،تو انہوں نے فوجی محاصرہ توڑ نے کیلئے اندھا دھند فائرنگ شروع کی ،جس دوران فوج نے جوابی کارروائی میں فائرنگ کی ۔ذرائع نے بتایا کہ اس کے ساتھ طرفین کے مابین کا جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا ۔ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوا ۔دفاعی ترجمان آر کے پانڈے نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگجو مخالف آپریشن کے دوران ماگام کپوارہ میں گولیوں کے ایک تبادلے میں ایک جنگجو مارا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق جنگجو کی فوری طور پر شناخت نہیں ،تاہم جنگجو کی نعش برآمد کی گئی اور اُسکی تحویل سے ایک اے کے47رائفل اور دیگر گولی بارود ضبط کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں مزید جنگجوئوں کی موجودگی کے خد شے کے باعث تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ادھر جنگجوئوں نے پیر کو ترال میں سی آر پی ایف کیمپ پر ایک ہتھ گولہ پھینکا ،جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ذرائع کے مطابق قصبہ ترال میں180بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر پیر کی صبح ایک گرینیڈ پھینکا ،جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ،جس دوران یہاں افراتفری پھیل گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ یہ ہتھ گولہ کیمپ کے باہر پھٹ گیا ،تاہم اس حملے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔گرینیڈ دھماکے بعد پورے علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور حملہ آئوروں کی تلاش شروع کردی گئی۔اس دوران سی آر پی ایف کے ایک کیمپ پر ترال میں ایک اور گرینیڈ حملہ ہوا ۔معلوم ہوا ہے کہ بٹہ گنڈ میں جنگجو نمودار ہوئے ،جس دوران انہوں نے یہاں قائم سی آر پی ایف کیمپ پر گرینیڈ سے حملہ کیا ۔اس دھماکے میں بھی کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔بعد ازاں یہاں فورسز نے حملہ آئوروں کی تلاش شروع کردی ۔

Comments are closed.