عسکری حملوں میں تیزی کے بیچ امر ناتھ یاترا کے دوران 129پیرا ملٹری کمپنیوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ پانچ ہزار فوجی اہلکار تعینات ہونگے

جنوبی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں اور بالائی ورکروں پر خصوصی نظر گزر رکھنے کے احکامات صادر /وزارت داخلہ
سرینگر؍14؍جون؍عسکری حملوں میں تیزی کے بیچ مرکزی وزارت داخلہ نے امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے 129پیرا ملٹری کمپنیوں کو تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ یاترا شروع ہونے سے دو ہفتے قبل ہی پہلگام اور بالہ تل میں پیرا ملٹری فورسز کو تعینات کیا جائے گا جبکہ جگہ جگہ عارضی بینکر اور ٹینٹ نصب کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق یاترا کے دوران پانچ ہزار ریگولر آرمی کے آہلکار تعینات رہیں گے تاکہ کسی بھی حملے کو رونما ہونے سے پہلے ٹالا جاسکے۔ جے کے این ایس کے مطابق امر ناتھ یاترا سے قبل جنوبی کشمیر میں عسکری حملوں میں تیزی آنے کے بعد نئی دہلی میں خفیہ اداروں کے سربراہان ، وزارت داخلہ اور دفاعی امور سے وابستہ سینئر آفیسران کی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کے حوالے سے مختلف معاملات پر غور وغوض ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران امر ناتھ یاترا کے دوران اضافی پیرا ملٹری فورسز کمپنیوں کو تعینات کرنے کے ضمن میں بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ یاترا کے دوران 129پیرا ملٹری فورسز کمپنیوں کو تعینات کیا جائے گا تاکہ امر ناتھ یاترا کے دوران عسکریت پسندوں کے حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔ داخلہ ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں کی جانب سے یاترا میں رخنہ ڈالنے کو خارج ا زامکان قرار نہیں دیاجاسکتا ہے اور مرکزی و ریاستی حکومت نے یاترا کے دوران اضافی اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیرا ملٹری فورسز کے ساتھ ساتھ ، بی ایس ایف اور جموں وکشمیر پولیس سے وابستہ اہلکاروں کو بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے جنوبی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں اور اُن کے بالائی ورکروں پر نظر گزر رکھنے کیلئے بھی زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جنگجو مخالف آپریشنز میں تیزی لانے کا بھی سیکورٹی ایجنسیوں پر زور دیا گیا ہے ۔مذکورہ آفیسر نے مزید بتایا کہ جموں سرینگر شاہراہ پر عسکریت پسندوں کے امکانی حملوں کو مد نظررکھتے ہوئے خصوصی کمانڈوز کی تعیناتی کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے جبکہ بھگوتی نگر سے پہلگام اور بال تل تک جگہ جگہ پولیس وفورسز کے موبائیل بینکر تعمیر کئے جائینگے ۔ دریں اثنا وزارت دفاع کے ایک آفیسر نے بتایا کہ امر ناتھ یاترا کے دوران پانچ ہزار فوجی اہلکار تعینات رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عسکریت پسندوں کے امکانی حملوں کو مد نظر رکھتے ہوئے وزارت دفاع نے پانچ ہزار فوجی اہلکاروں کو تعینات کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پوترا گھپا سے بال تل ، پہلگام تک بھی فوجی اہلکار وں کو جگہ جگہ تعینات کیا جائے گا۔

Comments are closed.