چاٹلی پورہ شانگس اننت ناگ میں کوٹھے سے بڑی مقدار میں عمارتی لکڑی برآمد 82مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کرکے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے /پولیس ذرائع
سرینگر؍ جے کے این ایس؍؍ چاٹلی پورہ شانگس اننت ناگ کے جنگل سے پولیس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کوٹھے سے 82مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کرکے ایک شخص کو گرفتار کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ اننت ناگ کے جنگلوں کو بڑے پیمانے پر تہیہ تیغ کرنے کی کارروائی جاری ہے اور ملوث افراد کے خلاف محکمہ جنگلات کے اہلکار کچھ نہیں کر رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جنگل کے محافظ بہتی ہوئی گنگا میں ہاتھ ڈبو کر اپنے لئے شکم سیری کا سامان پیدا کر رہے ہیں۔ جے کے این ایس نمائندے کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس نے چاٹلی پورہ شانگس اننت ناگ میں کوٹھے سے 82مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق محمد یوسف خان کی گرفتاری عمل میں لا کر اس ضمن میں تحقیقات شروع کی گئی ہے ، مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق جنگل میں کوٹھے سے بڑی مقدار میں عمارتی لکڑی برآمد ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ محکمہ جنگلات کے بعض اہلکاروں کی ملی بھگت سے ہی سرسبز سونے کو تہیہ تیغ کیا جارہا ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق جنوبی کشمیر میں سرسبز جنگل کو ریگستان میں تبدیل کرنے کیلئے منصوبے بنائے جار ہے ہیں اور دن کے اجالے میں درختوں کو کاٹ کر عمارتی لکڑی نشیبی علاقوں کی طرف پہنچائی جار ہی ہے اور متعلقہ محکمہ کے اہلکار خاموش تماشائی بن کر منتھلی لے رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے جنگلوں کو تہیہ تیغ کرنے والے اسمگلروں اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لا کر انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments are closed.