جموں و کشمیر پر کانگریس کی آج اہم میٹنگ، حکومت سازی پر ہو سکتا ہے غور وفکر
جموں و کشمیر پر کانگریس کی آج اہم میٹنگ، حکومت سازی پر ہو سکتا ہے غور وفکر
جموں وکشمیر کو لے کر کانگریس کی پالیسی اور پلاننگ گروپ کی آج دہلی میں ایک اہم میٹنگ ہونے والی ہے۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی رہائش گاہ پر ہونے والی اس میٹنگ کو لے کر خبر ہے کہ پارٹی اس دوران جموں و کشمیر میں حکومت سازی کے امکانات پر غور وفکر کر سکتی ہے۔ اس کمیٹی میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کے علاوہ غلام نبی آزاد، پی چدمبرم، ڈاکٹر کرن سنگھ اور امبیکا سونی شامل ہیں۔
ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق، پی ڈی پی نے کانگریس کو ریاست میں ساتھ مل کر حکومت بنانے کا آفر دیا ہے۔ ایسے میں اس معاملے پر سری نگر میں بھی منگل کو کانگریس ممبران اسمبلی کی میٹنگ ہونے والی ہے۔
بتا دیں کہ بی جے پی نے گزشتہ ماہ سب کو چونکاتے ہوئے پی ڈی پی سے ناطہ توڑ لیا تھا۔ بی جے پی کی جانب سے حمایت واپسی کے بعد ریاست کی پی ڈی پی قیادت حکومت گر گئی اور وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔
بی جے پی نے جہاں ریاست میں گورنر راج نافذ کرنے کی مانگ کی تھی وہیں اپوزیشن نیشنل کانفرنس نے جلد اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ادھر پی ڈی پی کے بارے میں چرچا ہے کہ وہ پھر سے حکومت بنانے کے ادھیڑبن میں ہے۔ حالانکہ یہاں غور کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ ریاست میں پی ڈی پی کے پاس 28 ارکان اسمبلی ہیں جبکہ کانگریس کے 12 ہیں۔ ایسے میں دونوں کے ساتھ آنے کے بعد بھی حکومت بنانے کے لئے ضروری اکثریت حاصل کرنے میں 4 ارکان اسمبلی کی ضرورت ہو گی جس میں آزاد ارکان اسمبلی کا رول بھی خاصا اہم ہو سکتا ہے۔
Comments are closed.