.سرینگر جموں شاہراہ پر شام پورہ کے نزدیک دھرنا بجلی سپلائی کو منقطع کرنے کا شاخسانہ

سرینگر؍ جے کے این ایس؍؍ سرینگر جموں شاہراہ پر شام پورہ قاضی گنڈ کے قریب مرد و زن، بوڑھے اور بچوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کرتے ہوئے الزام لگایا کہ قاضی گنڈ کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہے۔ حکام کی جانب سے بجلی کو بحال کرنے کے سلسلے میں زبانی جمع خرچ کے سواکچھ بھی نہیں کیا جا رہا ہے۔ ایس ڈی پی او قاضی گنڈ کی مداخلت کے بعد احتجاج کرنے والے پُر امن طورپر منتشر ہوئے ۔ جے کے این ایس نمائندے کوثر گل کے مطابق تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق مرد و زن، بوڑھے اوربچوں نے جموں سرینگر شاہراہ پر شام پورہ قاضی گنڈ کے نزدیک دھرنا دیا جس کے نتیجے میں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی ۔ احتجاج کرنے والوں کے مطابق محکمہ پی ڈی ڈی کی غفلت اور لاپرواہی کے نتیجے میں قاضی گنڈ کے کئی علاقے متبرک مہینے میں بھی بجلی سے محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ منصوبہ بند سازش کے تحت قاضی گنڈ میں لوگوں کو ذہنی پریشانیوں میں مبتلا کیا جارہا ہے۔ ایس ڈی پی او قاضی گنڈ آفتاب حسین جائے موقع پر پہنچ گئے اور احتجاج کرنے والوں کو یقین دلایا کہ معاملہ پی ڈی ڈی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔ ایس ڈی پی او کی یقین دہانی کے بعد احتجاج کرنے والے پُر امن طور پر منتشر ہوئے ۔

Comments are closed.