حریت راہنمائوں اور کارکنان کے گھروں پر چھاپے قابل ِ مذمت :سمجھی

پُر امن سرگرمیوں کے خلاف طاقت کا استعمال سرکاری دہشت گردی

سری نگر:یکم جولائی:/ حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل غلام نبی سمجھی نے حریت پسند راہنماؤںاور کارکنوں کی رہائش گاہوں پر شبانہ چھاپہ مار کار روائیوں کی مذمت کرتے ہوے کہا کہ اظہار خیالات کی آزادی پر قد غنیں عائد کرنے کے لیے فوجی طاقت کا استعمال کرنا انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں کا عکاس ہے۔کے این این کو موصولہ بیان کے مطابق حریت راہنما نے فورسز کے ہاتھوں حریت پسند عوام اور سیاسی کارکنوں کی پُر امن سرگرمیوں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال کرنا سرکاری دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے جس کے سنگین نتائج برآمد ہونے کا اندیشہ لا حق ہوگیا ہے۔حریت راہنما نے حاجن بانڈی پورہ میں سرکاری فورسز کی ہڑبونگ اور شبانہ چھاپوں کے دوران عام لوگوں اور حریت پسند سیاسی کارکنوں بشمول بشیر احمد لون ،غلام رسول ڈار ،نذیر احمد گنائی ،غلام حسن شاہ ،عبد ا لحمید پرے ،خورشید احمد پرے،، نصیر احمد راتھر ،اعجاز احمد لون ،ممتاز احمد ڈار ،ارشاد احمد ڈار ،مشتاق احمد وانی وغیرہ کو گرفتار کر کے جسمانی تشدد اور سر عام تذلیل آمیز سلوک روا رکھے جانے کی ظالمانہ کار روائیوں کی مذمت کرتے ہوے کہا کہ عام لو گوں اور حریت پسند جماعتوں سے وابستہ کارکنوں کو سیاسی اختلافات کی بناء پر حبس بے جا میں مقید رکھنا اور سر عام تذلیل آ میز سلوک روا رکھنا سرکاری غنڈہ گردی کا بین ثبوت ہے ۔حریت راہنما نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے علاوہ عالمی ریڈکراس اور دیگر انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست جموں کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے انسانی جذبے اور ہمدردی کے تحت ریاست کے مظلوم عوام کے حق میں اپنے ضمیر کی آواز کو بلند کریں۔دریں اثنا حریت کانفرنس کے چیرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر ایک اعلی سطحی وفد سینئر راہنما بشیر احمد اندرابی کی قیادت میں لدو پانپور گیا جہاں انہوں نے بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں شہید کیے گئے نوجوان طالب علم فیضان احمد خان کو شاندار خراج عقیدت ادا کرنے کے علاوہ شہید موصوف کے لواحقین کے ساتھ سید علی گیلانی کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔

Comments are closed.