پی ڈی پی ممبر اسمبلی عابد حسین کے بغاوتی تیور
محبوبہ مفتی کی پالیسیوںکو پی ڈی پی کے زوال کا سبب قرار دیا،خاندانی راج کا الزام
سری نگر:یکم جولائی:کے این این/ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی جڈی بل عابد حسین نے بغاوتی تیور دکھا تے ہوئے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ موصوفہ کی پالیسیوں کے سبب پی ڈی پی زوال کی شکار ہورہی ہے ۔انہوں نے سر تاج مدنی کو پارٹی کے نائب صدر عہدے پر فائز کرنے کے فیصلے کو خاندانی راج سے تعبیر کر تے ہوئے کہا کہ ’ سابق وزیر تعمیرات نعیم اختر اور وزیر اعلیٰ کے سیاسی سیکریٹری پیر منصور حسین نے وزیر اعلیٰ کو غلط مشورے دئیے تھے،جس کی وجہ سے وزیر اعلیٰ نے نہ صرف غلط پالیسیاں ترتیب دیں،بلکہ غلط فیصلے بھی لئے‘۔کے این این کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی پالیسیوں کو پی ڈی پی کے زوال کا سبب قرار دیتے ہوئے پارٹی کے سنیئر لیڈر اور ممبر اسمبلی جڈی بل عابد حسین انصاری نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران بھی انہوں نے محبوبہ مفتی کے فیصلوں کو چلینج کیا۔ انہوں نے کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کے امکان کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا۔ سرینگر کے جڈی بل علاقے میں عوامی جلسے کے دوران معروف شعیہ لیڈر اور پی ڈی پی کے ممبر اسمبلی جڈی بل نے سابق مخلوط سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔جلسہ کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ممبر اسمبلی جڈی بل اور شعیہ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری نے سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر و نائب صدر کو بھی نہیں بخشا ،اور انکے فیصلوں کو پارٹی کیلئے زہر ناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نائب صدر سرتاج مدنی سیاست سے نا وقف ہے،جبکہ وزیر اعلیٰ نے بھی جو فیصلے لئے وہ بھی غلط پالسیوں کا نتیجہ تھے۔انہوں نے پارٹی کے کچھ لیڈروں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کو شیشے میں اتارنے میں کامیاب ہوئے تھے،اور انہیں غلط مشورے دیا کرتے تھے۔ عابد حسین انصاری نے کہا’’ سابق وزیر تعمیرات نعیم اختر اور وزیر اعلیٰ کے سیاسی سیکریٹری پیر منصور حسین نے وزیر اعلیٰ کو غلط مشورے دئیے تھے،جس کی وجہ سے وزیر اعلیٰ نے نہ صرف غلط پالیسیاں ترتیب دیں،بلکہ غلط فیصلے بھی لئے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ وزیر اعلیٰ کو اس بارے میں با آوار کیا گیا تھا،تاہم انہوں نے دیگر لیڈروں کے مشوروں کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے پی ڈی پی سرکار پر اپنے رشتہ داروں اور منظور نظر افراد کو کلیدی عہدے فرہم کرنے بھی الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی پر بھی خاندانی راج کا بھوت سوار ہوگیا ہے۔کانگریس کے ساتھ حکومت سازی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر نے کہا کہ انکے صرف12ممبران ہے،اور انکی ریاست میں ساخت بھی نہیں،کانگریس کے ساتھ ہاتھ ملاکر کتنا دورچلا جاسکتا ہے۔ موجودہ ریاستی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ممبر اسمبلی جڈی بل نے مرکزی سرکار کو فوری طور پر پاکستان کے ساتھ بات چیت کر کے ہلاکتوں کے سلسلے پر روک لگانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ایک نوجوان نے بندوق اٹھائی ہے،تو اس کے پورے خاندان کو اس کی سزا دی جاتی ہے،جس کا کوئی بھی جواز نہیں بنتا۔انصاری نے فوری طور پر شہریوں کو ستانے اور تنگ و طلب کرنے کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔آئندہ انتخابات میں شرکت سے متعلق سوال پر عابد انصاری نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ مشاورت کریں گے،تاہم کسی دوسری جماعت میں شامل ہونے کے فیصلے کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا۔انہوں نے کہا’’ میں ابھی سے کچھ لوگوں کی نیند حرام نہیں کرنا چاہتا،وقت پر لوگوں کی فلاح اور بہبودی کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ لیا جائے گا۔
Comments are closed.