پہلگام کے راستے امرناتھ یاترا 2 روز بعد پھر سے بحال
پہلگام کے راستے امرناتھ یاترا 2 روز بعد پھر سے بحال
سری نگر ، یکم جولائی : وادی کشمیر میں ناسازگار موسم کی وجہ سے قریب دو دنوں تک معطل رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا اتوار کی صبح بحال کردی گئی۔
سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی روایتی پہلگام راستے سے یاترا کو بحال کردیا گیا‘۔ تاہم انہوں نے بتایا ’مختصر بال تل راستے سے یاترا کو بحال کرنے کا فیصلہ بعد میں لیا جائے گا‘۔ ایک یاترا افسر نے بتایا کہ گذشتہ چند دنوں سے جاری بارشوں کی وجہ سے دونوں یاترا راستوں پر پھسلن پیدا ہوگئی تھی۔ انہوں نے بتایا’ ہم نے یاتریوں کی سیفٹی کے لئے یاترا کو معطل رکھنے کا اقدام اٹھایا تھا‘۔
مذکورہ یاترا افسر نے بتایا کہ پہلگام کے پیدل یاترا راستے پر یاتریوں کی آمدورفت بحال کرنے کے علاوہ بیس کیمپوں سے امرناتھ گھپا تک چلنے والی ہیلی کاپٹر سروس کو بھی بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا ’یاترا کی معطلی اور بحالی کے فیصلے محکمہ موسمیات کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی لئے جاتے ہیں‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جن یاتریوں نے گذشتہ تین دنوں کے دوران پوتر گھپا میں شیولنگم کے درشن کئے تھے، کو بھی بیس کیمپوں کی طرف واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یاترا کی معطلی کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں یاتری پہلگام اور بال تل بیس کیمپوں میں درماندہ ہوکر رہ گئے تھے۔ مقامی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ انتظامیہ اور شرائن بورڈ کی طرف سے امرناتھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولیت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تین دنوں کے دوران قریب3200 یاتریوں نے امرناتھ گھپا میں شیولنگم کے درشن کئے ہیں۔ وادی میں دو مہینوں تک جاری رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا کا باقاعدہ آغاز 28 جون کو ہوا۔
جاری۔یو این آئی.
Comments are closed.