ٹینگ پورہ بائی پاس کے نزدیک کتے کو بچانے کے دوران نوجوان نے دریا میں چھلانگ لگائی
پانی کے تیز بہاو نے نوجوان کو بہا کر لیا اور وہ غرقہ آب ہو کر لقمہ اجل بنا
سرینگر؍30؍جون؍ ؍ سیلابی صورتحال کے بیچ ٹینگ پورہ بائی پاس کے نزدیک اُس وقت صفہ ماتم بچھ گئی جب ایک نوجوان نے دریائے جہلم میں پھنسے کتے کو بچانے کیلئے دریا میں چھلانگ لگائی تاہم وہ غرقہ آب ہوا ۔ اگر چہ پاس ہی موجود ایک اور نوجوان نے دریا میں چھلانگ لگا کر نوجوان کو بچانے کی انتھک کوشش کی تاہم نوجوان کو پانی کے تیز بہاو نے بہا کر لیا ۔ جے کے این ایس کے مطابق ٹینگ پورہ بائی پاس کے نزدیک دریائے جہلم میں ایک کتا پانی میں پھنس کر رہ گیا اس دوران کنارے پر موجود ایک نوجوان جس کی شناخت عاصف احمد ساکنہ نگروٹہ جموں کے بطور ہوئی ہے نے کتے کو بچانے کیلئے اپنی جان کو ہی داو پر لگا دیا ۔ نمائندے کے مطابق جونہی نوجوان نے دریائے جہلم میں چھلانگ لگائی تاہم پانی کے تیز بہاو کے باعث نوجوان واپس نہیں مڑ سکا جس کے نتیجے میں وہ غرقہ آب ہو کر لقمہ اجل بنا۔ نمائندے کے مطابق اگر چہ اس نوجوان کو بچانے کیلئے ایک اور شخص نے دریا میں چھلانگ لگائی تاہم وہ بھی نوجوان کو بچا نہ سکا اور پانی کے تیز بہاو کے باعث دوسرا نوجوان کسی طرح اپنے آپ کو کنارے تک لیجانے میں کامیاب ثابت ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نوجوان کی نعش کو تلاش کرنے کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ جس طرح سے ابھی پانی کا بہاو ہے نوجوان کی نعش کو ڈھونڈ پانا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔
Comments are closed.