آرمی چیف ‘سڑک کے غنڈے’ کی طرح بات کرتے ہیں: کانگریس ہائی کمانڈ نے سندیپ ڈکشٹ کے بیان سے پلو جھاڑا

سرینگر؍12؍جون؍ جے کے این ایس؍؍ بھارت کی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما سندیپ ڈکشٹ اْس وقت تنازع کا شکار ہوگئے جب انھوں نے انڈین آرمی چیف جنرل پبن روات پر تنقید کرتے ہوئے انھیں ‘سڑک کا غنڈا’ کہہ ڈالا۔جے کے این ایس کے مطابق سندیپ ڈکشٹ نے یہ بیان اْس وقت دیا، جب ان سے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے دیئے گئے حالیہ بیان سے متعلق سوال کیا گیا۔کانگریس لیڈر نے کہا، ‘یہ بہت برا محسوس ہوتا ہے جب ہمارے آرمی چیف سڑک کے غنڈے کی طرح بات کرتے ہیں’۔کانگریس کے ترجمان میم افضل نے ڈکشٹ کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور فوج کے لیے توہین آمیز قرار دیا۔میم افضل نے کہا کہ، ‘ہماری پارٹی فوج کا عزت و احترام کرتی ہے، یہ افسوسناک ہے کہ کسی نے آرمی چیف سے متعلق ہتک آمیز ریمارکس دیئے’۔دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے یونین منسٹر کرن ریجو نے بھی اس بحث میں حصہ لیا اور ڈکشٹ کے بیان کو کانگریس سے منسوب کرتے ہوئے اپنی ٹوئیٹ میں کہا، ‘کانگریس پارٹی کے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟ ان کی جرات کیسے ہوئی آرمی چیف کو ‘سڑک کا غنڈا’ کہنے کی؟’بعدازاں ڈکشٹ نے معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی کہ مذکورہ ریمارکس ان کی ذاتی رائے تھی اور ان کا کانگریس پارٹی کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں، انھوں نے کہا، ‘میں واقعی یقین رکھتا ہوں کہ جو میں نے کہا وہ غلط تھا، لہذا میں اس کے لیے معافی طلب کرتا ہوں اور اپنا بیان واپس لیتا ہوں’۔

Comments are closed.