آہوں ، سسکیوں کے بیچ کمسن لڑکا آبائی علاقے میں سپرد خاک

لڑکے کی چھ مرتبہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعدا دمیں لوگوں نے شرکت کی

سرینگر؍30؍جون؍ ؍ آہوں ، سسکیوں کے بیچ پلوامہ میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک کمسن لڑکے کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ برستی بارش کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے کمسن لڑکے کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ جے کے این ایس کے مطابق چاٹ پورہ پلوامہ میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں کمسن لڑکے فیاض احمد پسوال کی نعش کو جونہی لدیو کھریو پہنچایا گیا تو وہاں کہرام مچ گیا ۔ نمائندے کے مطابق کل شام چھ بجے کے قریب نعش گھر پہنچائی گئی تو والدین نے سنیچر کے روز ہی نوجوان کی آخری رسومات ادا کرنے کا فیصلہ کیا ۔ نمائندے کے مطابق ماں نے اپنے لخت جگر کو رات بھر گود میں رکھا اور صبح دس بجے کے قریب نوجوان کی نعش کو کاندھوں پر اُٹھا کر اسے عید گاہ میں رکھا گیا ۔ نمائندے کے مطابق پلوامہ اور پانپور کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں نے کمسن لڑکے کی نماز جنازہ میں شرکت کی جس دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ لوگوں کی تعداد کا اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا تھا کہ کمسن لڑکے کی چھ مرتبہ آخری نماز جنازہ ادا کی گئی جس دوران لوگوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھنے کوملا۔ ادھر نوجوان اور جنگجو کی ہلاکت کے خلاف ضلع پلوامہ میں ہڑتال کے باعث معمولات زندگی ٹھپ ہو کررہ گئیں۔ نمائندے کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کیلئے ضلع بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے تھے۔

Comments are closed.