چاٹ پورہ پلوامہ جھڑپ میں صرف ایک جنگجو کی نعش برآمد کی گئی 2عسکریت پسند فرار ہونے میں کامیاب ہوئے

کل رات آٹھ بجے کے قریب مکان میں محصور جنگجوؤں نے چاروں طرف سے فائرنگ شروع کی جس دوران وہ بھاگ گئے /پولیس ترجمان

سرینگر؍30؍جون؍ جے کے این ایس؍ چاٹ پورہ پلوامہ میں رہائشی مکان کے ملبے سے صرف ایک جنگجو کی نعش برآمد کی گئی جبکہ دو سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چاٹ پورہ میں کل شام رہائشی مکان میں محصور عسکریت پسندوں نے چاروں طرف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس دوران دو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جبکہ ایک مقامی جنگجو کو مار گرایا گیا ۔ جے کے این ایس کے مطابق چاٹ پورہ پلوامہ میں گزشتہ روز سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تین گھنٹے تک مسلسل گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ نمائندے کے مطابق کل رات آٹھ بجے کے قریب رہائشی مکان کے نزدیک زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے ساتھ ہی رہائشی مکان میں محصور عسکریت پسند مکان سے باہر آئے اور چاروں طرف سے فائرنگ شروع کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے چاروں طرف سے فائرنگ شروع کرنے کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز پیچھے ہٹ گئے جس دوران دو ملی ٹینٹ چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ نمائندے کے مطابق جھڑپ کی جگہ سیکورٹی فورسز نے ایک عسکریت پسند جس کی شناخت سجاد احمد شاہ ولد علی محمد ساکنہ گنڈ چوگل ہندواڑہ کے بطور ہوئی ۔ نمائندے نے بتایا کہ شام دس بجے کے قریب سیکورٹی فورسز نے ایک جنگجو کی نعش تحویل میں لے کر علاقے کو فورسز سے خالی کیا ۔ پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع پلوامہ کے تھمنا گاؤں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جونہی گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی اس دوران مکان میں محصور ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی ۔ چنانچہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی شروع کی جس دوران گولیوں کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا ۔ رہائشی مکان میں محصور ملی ٹینٹوں نے کئی عام شہریوں کو یرغمال بنایا تاہم سیکورٹی فورسز نے انہیں باز یاب کرکے محفوظ جگہ کی طرف منتقل کیا۔ ابتدائی طور پر معلوم ہوا کہ رہائشی مکان میں تین ملی ٹینٹ موجود ہے تاہم جھڑپ کے اختتام پر ایک ملی ٹینٹ کی نعش برآمد کی گئی ۔ رہائشی مکان میں موجود ملی ٹینٹوں نے جھڑب کی جگہ اندھا دھند فائرنگ کی جس دوران وہ فرار ہوئے۔ کراس فائرنگ کے دوران پانچ عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم بدقسمتی سے ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا تاہم باقی زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جار ہی ہے۔سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک شدہ ملی ٹینٹ کی شناخت سجاد احمد شاہ ولد علی محمد ساکنہ گنڈ چوگل ضلع ہندواڑہ کے بطور ہوئی ہے۔ مہلوک ملی ٹینٹ کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کیلئے کام کر رہا تھا اور وہ سیکورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملوں اور عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ جھڑپ کی جگہ رائفل اور دوسرا گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

Comments are closed.