کشمیر شاہراہ پر گاڑیوں کی دوطرفہ آمدورفت بحال
کشمیر شاہراہ پر گاڑیوں کی دوطرفہ آمدورفت بحال
سری نگر، 30 جون : وادی کشمیر کو زمینی راستے سے بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی 300 کلو میٹر طویل سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت ہفتہ کی صبح بحال کردی گئی۔ واضح رہے کہ جمعہ کو موسلادھار بارشوں کی وجہ سے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر مٹی کے تودے اور پتھر گر آئے تھے جس کے بعد اسے گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا تھا۔ ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ہفتہ کی صبح معمول کی آمدورفت بحال کردی گئی۔ تاہم شاہراہ پر صرف ہلکی گاڑیوں کو ہی دو طرفہ چلنے کی اجازت ہوگی‘۔
انہوں نے بتایا ’شاہراہ پر صرف ہلکی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم امرناتھ یاتریوں کو لانے اور لے جانے والی گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت ہوگی‘۔ مذکورہ ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا ’سری نگر جموں شاہراہ پر جمعہ کو کئی ایک مقامات بالخصوص ضلع رام بن میں مٹی کے بھاری برکھم تودے گر آئے تھے۔ اس کو دیکھتے ہوئے ہم نے اس پر گاڑیوں کی آمدورفت وک دی تھی‘۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کی دیکھ ریکھ کے لئے ذمہ دار بارڈر روڑس آرگنائزیشن نے اپنی مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگاکر اس شاہراہ کو قابل آمدورفت بنایا۔
انہوں نے بتایا ’جمعہ کی شام کو مٹی کے تودوں کا ملبہ ہٹانے کے ساتھ ہی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کی گئی‘۔ اس دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس (ٹریفک) بسنت کمار رتھ نے بتایا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ کے علاوہ مغل روڑ اور سری نگر لیہہ قومی شاہراہ بھی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھلی ہیں۔ انہوں نے بتایا ’سری نگر جموں قومی شاہراہ گاڑیوں کی دوطرفہ آمدورفت کے لئے کھلی ہے۔ بھاری گاڑیوں کو سری نگر سے جموں کی طرف چلنے کی اجازت ہوگی‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تاریخی مغل روڑ اور سری نگر لیہہ قومی شاہراہ بھی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھلی ہیں۔
یو این آئی .
Comments are closed.