بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال قابل تشویش :غلام احمد میر
صوبائی انتظامیہ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنائے
سری نگر:٢٩،جون:کے این این/ کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے نالہ برنگی اور نالہ ساندرن میں سطح آب میں اضافہ ہونے سے پیدا شدہ سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ۔کے این این کے مطابق کانگریس صدر غلام احمد میر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں سطح آب میںاضافہ ہوا جسکی وجہ سے سیلابی صورتحال کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔انہوں نے بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا ۔انہوں نے صو بائی انتظامیہ پر زور دیا کہ نالہ برنگی اور نالہ سندرن کے اطراف میں مقیم لوگوں کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مئوثر اقدامات اٹھائے ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال کے باعث عام لوگوں میں تشویش پائی جارہی ہے ،جس کو دور کرنا صوبائی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔غلام احمد میر نے کہا کہ 2014کے سیلاب کے دوران منت پورہ ،دہر نہ ،لارکی پورہ اور دیگر کئی علاوہ ان دو نالوں میں آئی طغیانی کے باعث بری طرح سے متاثر ہوئے تھے جسکی وجہ سے یہاں مقیم آبادی کو شدید نقصان سے دوچار ہونا پڑا تھا ۔غلام احمد میر نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلابی صورتحال سے بچنے کیلئے مئوثر اور ٹھوس اقدامات اٹھائے کیو نکہ ان دونوں نالوں میں سطح آب میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اور لوگوں میں اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قبل از وقت اقدامات اٹھانے سے 2014جیسی تباہی سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔
Comments are closed.