سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ کی طرف سے ڈائریکٹوریٹ میں عوامی شکایتی دربار منعقد
ناظم تعلیم کشمیر ، ایس پی ڈی SSA، ڈائریکٹر پلاننگ ، ایڈیشنل سیکریٹری اور دیگر افسران کی موجودگی میں مختلف معاملات کے حل کے لئے کئی احکامات صادر
سرینگر: لوگوں کی شکایات سُننے اور بر سر موقعہ اُن کے حل کو یقینی بنانے کے سلسلے میں حالیہ سرکاری احکامات کے مطابق آج ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کے کانفرنس ہال میں سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو، ایس پی ڈی SSAعبد الرشید وار، ایڈیشنل سیکریٹری علی افسرخان، ڈائریکٹر پلاننگ جاوید اقبال متو،پرسنل آفیسرڈاکٹر ظہوراحمد، انڈر سیکریٹری محمد یعقوب ملک،چیف اکاؤنٹس آفیسر عرفان الحق، ڈپٹی ڈائیریکٹر پلاننگ محمد یوسف راتھر اور سیکریٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ سے وابستہ سیکشنل سربراہان اور دیگر متعلقین کی موجودگی میں عوامی شکایتی دربار کا انعقاد کیا۔اس دوران مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود اور ملازمین نے مختلف معاملات سیکریٹری تعلیم کی نوٹس میں لائے اور اُن کا حل طلب کیا ۔ اس سلسلے میں سیکریٹری تعلیم نے مختلف مسائل کے حل اور شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے موقعے پر ہی ہدایات جاری کیں۔ سیکریٹری موصوف نے اُبھارے گئے کئی معاملات سے متعلق متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کی اور کئی ہدایات جاری کیں۔ اس دوران ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور سٹیٹ پروجیکٹ ڈائریکٹر SSAعبد الرشید وارنے کئی مسائل کے حل کے لئے چند تجاویز پیش کیں۔
شکایتی کیمپ کے دوران مختلف اضلاع اور وفود کی طرف سے جو معاملات اُبھارے گئے اُن میں SROکیسزکے فوری حل، سکولی عمارات کی تعمیراوردیوار بندی ،بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے ،اساتذہ اور طلباء سمیت عارضی سکولوں جیسے بہکوں سے وابستہ عارضی اساتذہ کے معاملات ، انچارج لیکچررس کی باقاعدگی، ٹائپ ٹیسٹ پاس کرنے والے کلاس فورتھ ملازمین کوجونیر اسسٹنٹس کے طورترقی دینے کے حوالے سے احکامات اجرا کئے جانے اوردیگر معاملات شامل ہیں جبکہ کرالہ سنگری برین کے وفد نے علاقے میں پرائیویٹ سکولوں سے متعلق چند معاملات کو سیکریٹری موصوف کی نوٹس میں لایا۔
اسی دوران ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اننت ناگ ، بارہمولہ، گاندربل، پلوامہ اور بڈگام سے وابستہ جن کلاس فورتھ ملازمین نے ٹائپ ٹیسٹ پاس کیا ہے اُنہیں جونیر اسسٹنٹس کے طور ترقی دینے کے احکامات عنقریب جاری کئے جائیں گے۔ اسی دوران عوامی دربار میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے چند مسائل ومعاملات کے فوری حل اور سرکار کی طر ف سے عوامی شکایات و مسائل کو سُننے اور اُن کے ازالے کے لئے ایسے اقدامات کی سراہنا کی ہے ۔
Comments are closed.