کشمیر: خراب موسم کی وجہ سے امرناتھ یاترا شروع ہونے میں تاخیر

کشمیر: خراب موسم کی وجہ سے امرناتھ یاترا شروع ہونے میں تاخیر

سری نگر، 28 جون : وادی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا میں شیو لنگم کے درشن کے لئے پہلگام اور بال تل پہنچنے والے ہزاروں یاتریوں کو ناساز گار موسم کی وجہ سے بیس کیمپوں میں ہی روک کر رکھا گیا ہے۔ بتادیں کہ دو مہینوں تک جاری رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا کا آج باقاعدہ آغازہونا تھا۔
سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ دونوں یاترا راستوں (روایتی پہلگام اور بال تل) پر جمعرات کی علی الصبح سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ احتیاطی طور پر یاتریوں کو بیس کیمپوں میں ہی روک کر رکھا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی یاتریوں کو امرناتھ گھپا کی طرف جانے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا ’مختلف محکمے یاتریوں کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ ان کی سیفٹی ہماری بنیادی ترجیح ہے۔ جوں ہی موسم میں بہتری آئے گی، ہم یاتریوں کو پوتر گھپا کی طرف جانے کی اجازت دیں گے‘۔ سالانہ امرناتھ یاترا 26اگست کو رکھشا بندھن کے تہوار کے موقع پر خصوصی پوجا کے ساتھ اختتام پزیر ہوگی۔
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام سے قریب 40 کلو میٹر دور پہاڑی گھپا میں بھگوان شو سے منسوب برفانی عکس (شیولنگ)کے درشن کے لئے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں شردھالو کشمیر آتے ہیں۔ قریب تین ہزار یاتری بدھ کے روز جموں کے بھگوتی نگر میں واقع یاتری نواسن بیس کیمپ سے روانہ ہوکر پہلگام اور بال تل پہنچے تھے۔ انہیں جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم اور گورنر نریندر ناتھ ووہرا کے دو مشیروں بی بی ویاس اور وجے کمار نے جھنڈی دکھا کروادی کی طرف روانہ کیاتھا۔
جاری، یو این آئی۔

Comments are closed.