ہلاکتوں ،کریک ڈاؤن ،این آئی اے، ای ڈی کی مہم جوئی

آزمودہ حربوں سے بھارت کو سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا:مشترکہ مزاحمتیقیادت

سری نگر:۲۷،جون مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ،میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک نے کہا کہ بھارت کو زور زبردستی کے آزمودہ حربوں سے سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔کے این این کو موصولہ تحریری بیان کے مطابق مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وادی میں بھارتی جبر و تشددکا سلسلہ جاری ہے اور بڑھتے ہوئے مظالم کی مذمت کی ہے۔کشمیر میں جاری کشت و خون، قتل و غارت، کریک ڈاؤن جس کے دوران عام لوگوں کو مارا پیٹا اور انکی تذلیل کا سلسلہ دراز تر کیا گیا ہے ،این آئی اے اور ای ڈی سمیر دوسرے بھارتی ایجنسیوں کے ذریعے کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے کے سلسلے کو سفاکانہ ،غیر جمہوری اور بدترین جبر و تشدد سے تعبیر کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ بھارت کشمیر میں معصوم کشمیریوں کا لہو بے دردی کے ساتھ ارزان کررہا ہے لیکن کوئی اس کے ہاتھ روکنے کی سعی نہیں کرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں جاری انسانوں کے قتل عام ،کریک ڈاؤن کے دراز سلسلے کہ جس دوران خاص طور پر جنوبی کشمیر کے مختلف اضلاع میں عام لوگوں کو بلا تفریق عمر و جنس مارا پیٹا جارہا ہے، تعذیب و ترہیب کا نشانہ بنایا جارہا ہے،انکے گھر ،دکان اور املاک کو بارود اور آگ کی نذر کیا جارہا ہے اور جوانوں کو بے دریغ گرفتار کیا جارہا ہے نیز این آئی اے اور ای ڈی سمیت دوسری بھارتی ایجنسیوں کے ذریعے کشمیریوں کو ڈرانے ودھمکانے تاکہ انہیں جاری پرامن مزاحمت سے باز رکھا جاسکے کو جمہوریت کشی اور بھارت کے کشمیر تئیں نوآبادیاتی رویے کا عکاس قرار دیتے ہوئے مشترکہ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ بھارت کے حکمران ان آہنی اقدامات سے کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو دباکر انہیں پرامن جدوجہد و مزاحمت سے باز رکھنا چاہتے ہیں لیکن انہیں اس ضمن میں ماضی ہی کی مانند ناکامی و نامرادی ہی ہاتھ آئے گی۔تحریری بیان کے مطابق مشترکہ قیادت نے کہا کہ ۲۰۱۶ ؁ء میں عوامی تحریک کے بعد بھارتی قیادت نے انکے مقامی گماشتوں اور زرخرید میڈٖیا کے ذریعے مزاحتمی قیادت اور تحریک کے خلاف ایک زہر آلود پروپیگنڈا کی تحریک چلائی اور ای ڈی ،این آئی اے اور دوسری ایجنسیوں کا استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کی کوششیں کیں لیکن بھارت کے حکمران اس ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کہ جنہوں نے طاقت کے سامنے سرنگوں ہونے سے انکار کیا کی پامردی کو شکست دینے میں ناکام ہوئے ۔ اب ایک بار پھر این آئی اے اور ای ڈی کے ذریعے کشمیریوں کو زیر کرنے کا نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کی مثال آج ہی علیل اسیر سیدہ آسیہ اندرابی پر این آئی اے کا نیا اور فرضی ایف آئی آر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کچھ نہیں بلکہ کشمیریوں کی مزاحمت کو شکست دینے کا شکست خوردہ بھارتی منصوبہ ہے جو ماضی ہی کی مانند اس بار بھی ناکام و نامراد ہوکر رہے گا۔اقوام عالم خاص طور پر اقوام متحدہ سے اس بھارتی جارحیت کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے مشترکہ قیادت نے کہا کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے کشمیر میں جاری جبر و تشدد اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے ایک خوش آئند رپورٹ جاری کی ہے۔ کشمیری اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل جس کا آج کل اجلاس ہورہا ہے پر زور دیتے ہوئے مشترکہ قیادت نے کہا کہ وہ دبائے جارہے کشمیریوں کی حالت زار پر رحیمانہ اور ہمدردانہ التفات کریں اور بھارتی فوج و فورسز کے ہاتھوں جاری کشمیریوں کی نسل کشی کوروکنے کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی سات دہائیوں سے کشمیری مارے جارہے ہیں، زخمی اور اپاہج بنائے جارہے ہیں، قید و بند اور تعذیب کا نشانہ بنائے جارہے ہیں، تذلیل و تحقیر کا ہدف بنائے جارہے ہیں اورانکے حق آزادی و حق خودارادیت کی نفی کی جارہی ہے۔ اسلئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری جو کہ اقوام متحدہ کے فورم کاحصہ ہیں پر لازم ہے کہ وہ مذکورہ رپورٹ کے بعد مذید مثبت اور مضبوط اقدامات اٹھائیں تاکہ جموں کشمیر کے لوگ اپنی قومی حق خودارادیت پاسکیں،جموں کشمیر پر سے نوآبادیاتی ظلم کا خاتمہ ہو اوریہ دیرینہ مسئلہ جو کہ اصلاً جنوبی ایشاء کو نوآبادیاتی دور سے خلاصی دلانے کا نامکمل ایجنڈا ہے کا حل نکالا جاسکے اور یہاں رہنے والے کروڑوں انسان اپنی زندگیاں آزادی، امن ،تعمیر و ترقی اور عزت و وقار کے ساتھ بسر کرنے کے قابل ہوپائیں۔

Comments are closed.