سالانہ امرناتھ یاترا: یاتریوں کا پہلا قافلہ جموں سے کشمیر کی طرف روانہ، سیکورٹی کے مثالی انتظامات
سالانہ امرناتھ یاترا: یاتریوں کا پہلا قافلہ جموں سے کشمیر کی طرف روانہ، سیکورٹی کے مثالی انتظامات
جموں، 27 جون : فقیدالمثال حفاظتی انتظامات کے بیچ امرناتھ یاتریوں کا پہلا قافلہ بدھ کی صبح یہاں بھگوتی نگر میں واقع یاتری نواسن بیس کیمپ جموں سے ’بم بم بولے‘ ،’ہر ہر مہادیو‘ اور ’جے با با برفانی‘ کے نعرے بلند کرتے ہوئے وادی کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔ وادی میں دو مہینوں تک جاری رہنے والی سالانہ امرناتھ یاترا کا باقاعدہ آغاز جمعرات کو یاتریوں کی ننون پہلگام اور بال تل بیس کیمپوں سے جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا کی طرف روانگی کے ساتھ ہوگا۔ سالانہ امرناتھ یاترا 26اگست کو رکھشا بندھن کے تہوار کے موقع پر خصوصی پوجا کے ساتھ اختتام پزیر ہوگی۔
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام سے قریب 40 کلو میٹر دور پہاڑی گھپا میں بھگوان شو سے منسوب برفانی عکس (شیولنگ)کے درشن کے لئے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں شردھالو کشمیر آتے ہیں۔ جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم اور گورنر نریندر ناتھ ووہرا کے دو مشیروں بی بی ویاس اور وجے کمار نے بدھ کی علی الصبح یاتری نواسن بیس کیمپ جموں سے یاتریوں کے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کروادی کی طرف روانہ کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ’سیکورٹی فورسز کی متعدد بلٹ پروف گاڑیاں بھی یاتریوں کے قافلے کے ساتھ وادی کے لئے روانہ ہوئی ہیں۔ یاتریوں کی مدد اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے موٹر سائیکل سکواڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے‘۔ گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ’اس مقدس یاترا کے لئے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیوں اور دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کی طرف سے وقت وقت پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ہم یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہم نے یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں‘۔
جاری یو این آئی.
Comments are closed.