مناظرہ بازی وحدت اُمت کیلئے سم قاتل، کم فہم مولوی صاحبان اغیار کی سازش کا شکار نہ ہوں : ڈاکٹر عبداللطیف الکندی
سری نگر:۲۶،جون ناظم اعلیٰ جمعیت اہل حدیث جموں وکشمیر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے کہا ہے کہ مناظرہ بازی وحدت اُمت کیلئے سم قاتل کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ کم فہم مولوی صاحبان اغیار کی سازش کا شکار نہ ہوں۔اس سلسلے میں کے این این کو موصولہ ایک تحریری بیان کیمطابق ناظم اعلیٰ جمعیت اہل حدیث جموں وکشمیر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے کہا کہ اس وقت اُمت مسلمہ عالمی سطح پر اغیار کی ریشہ دوانیوں ، سازشوں اور تفرقہ بازیوں کی شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ عرب وعجم آپسی سر پھٹول سے دوسروں کے ایجنڈوں کو زیادہ تقویت دے کر اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مارنے کے عمل سے دوچار ہیں۔ان کا کہناتھا کہ ایسے میں علماء ربانین ، دینی تنظیموں ، دعاۃ وخطباء اور دانشوارن ملت اور میڈیا سے وابستہ ہر فرد پر وحدت اُمت کے تحفظ کے لئے انتہائی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بیچ کالی بھیڑوں سے اپنی صفوں کو پاک وصاف کریں اور نادان دوستوں کی نازیبا حرکات، مناظرہ بازیوں اور سوشل میڈیا کے ذریعہ سے تکفیر وتبدیع اور چیلنج دینے کے رجحان کو ختم کرکے اُمت مسلمہ کی زبوں حالی پر ترس کھائیں اور اسی طرح کے افراد کو ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرکے استحکام اُمت میں اپنا تعمیری ، کلیدی رول نبھائیں۔۔انہوں نے کہا ایک طرف قوم کا ایک طبقہ آپسی سرپھٹول میں ملوث ہے تو دوسری طرف سے دلی کی فضائی چینلیں ہمارے قائدین ، خطباء ،دانشوروں اور دینی تنظیموں کے خلاف اُدھار کھائے بیٹھی رات دن بحثکے نا پر تعصب اور نفرت کی ایسی فضاء تیارکرتی ہیں کہ جس سے شرافت اور تہذیب دم توڑتی نظر آتی ہے۔ اور اُمت مسلمہ کے خلاف ان کے اندرونی بغض ونفرت کو اُجاگر کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ جہاں اس طرح کے نفرت انگیز پروپیگنڈے کا توڑ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وہیں اُمت سے جڑے تمام طبقہ جات کو اس کی مذمت کیلئے آگے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دوسری طرف قوم مسلم کے اندر مناظرہ کے پنپتے رجحان کا قلع قمع کرنے کیلئے علماء ،دانشوروں ،خطیبوں اور دینی تنظیموں کو اپنا کلیدی رول ادا کرنا چاہیے۔بیان کے مطابق ناظم اعلیٰ نے جمعیت سے جڑے ائمہ ودعاۃ اور خطباء سے بھی مرکزی نظم کی پاسداری کرتے ہوئے اس طرح کی سرگرمیوں سے اجتناب اور غیروں کی چیلنج بازیوں پر صبر وتحمل سے کام لینے کی تاکید کی ہے۔: کے این این/
Comments are closed.