انسانی خون پر سیاسی فوائد حاصل کرنے سے قبیح کیا عمل ہوسکتا ہے؟:ملک

اقوام متحدہ فوری مداخلت کرکے بھارت کے ہاتھوں جاری کشمیریوں کی نسل کشی پر روک لگائے

سری نگر:۲۵،جون:/ لبریشن فر نٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ انسانی خون پر سیاسی فوائد حاصل کرنے سے قبیح کیا عمل ہوسکتا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ فوری مداخلت کرکے بھارت کے ہاتھوں جاری کشمیریوں کی نسل کشی پر روک لگائے۔کے این این کو موصولہ بیان کے مطابق فرنٹ کے محبوس چیئرمین نے کشمیر میں جاری نسل کشی اور خو ن کے خوگر بھارتی فوجیوں اور فورسز کی ہڑبھونگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ پچھلے تین برس سے بالخصوص کشمیریوں کا لہو ازران کیا گیا ہے لیکن پچھلے دس روز سے اس نسل کشی اور خون ریزی میں خطرناک حد تک اضافہ کیا گیا ہے اور درجنوں کشمیری نو آبادیاتی سوچ کی حامل بھارتی فورسز کے ہاتھوں تہہ تیغ کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک اور نہتے کشمیری جوان یاور احمد کو براہ راست سینے پر گولی داغ کر شہید کیا گیا جبکہ دو مذید کشمیری جوان شکور احمد ڈار وغیرہ بھی بھارتی ہاتھوں شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے ۔اس سے قبل سری گفوارہ میں بھی فورسز نے ایک عام شہری سمیت پانچ کشمیریوں کو تہہ تیغ جبکہ درجنوں کو زخمی کیا تھا جن میں سے ایک زخمی شاہد نذیر حجام گزشتہ روز ہی جام شہادت نوش کرگیا ہے۔ اس کے علاوہ رمضان کی آخری شام اور عین عید کے دن بھی بھارتی فورسز نے تین نہتے کشمیریوں کو گولیوں کا نشانہ بناکر شہید کیا تھا۔آج بھی فورسز نے نادی ہل رفیع آباد میں راست فائرنگ کرکے ایک اور جوان سال کشمیری عبید منظور لون کو شدید زخمی کردیا ہے۔لبریشن فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ بھارتی فوج، فورسز ، ایس او جی اور پولیس نے ظلم و جبر اور قتل و غارت میں یہ شدت ظاہری طور پر اپنے سیاسی آقاؤں کی ایماء پر لائی ہے جو کشمیریوں کو قتل کرکے اور یہاں معصومین کا لہو بہاکر دراصل آنے والے الیکشنوں میں فائدہ حاصل کرنے کے درپے ہیں۔یاسین ملک نے کہا کہ انسانی خون پر سیاست کرنا اور سیاسی فوائد حاصل کرنے کی چاہت جیسی برتدین چیز کوئی نہیں ہوسکتی لیکن جو فسطائی ذہن لوگ ہٹلر اور مسولینی کو اپنا راہنماء مانتے ہوں ان سے ایسے ہی اعمال کی امید رکھی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے آخری روز سے وادی کے اندر ایک نیا خونین کام شروع کردیا گیا ہے اور ہر روز خاص طور پر جنوبی کشمیر کے اضلاع میں کریک ڈاؤن اور CASO کے نام پر بستیوں کا گھیراؤ کیا جاتا ہے اور لوگوں کو بلا تخصیص عمر و جنس مار پیٹ ، ٹارچر ،تعذیب اور تحقیر کی نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہون نے کہا کہ یہ کھلی ہوئی دہشت گردی ہے جس کا اقوام عالم خاص طور پر اقوام متحدہ کو فوری نوٹس لینا چاہئے اور اس جارحیت کو روکنے کی سعی کرنی چاہئے۔ اقوام عالم خاص طور پر اقوام متحدہ سے اس بھارتی جارحیت کو روکنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے محبوس فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے کشمیر میں جاری جبر و تشدد اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے ایک خوش آئند رپورٹ جاری کی جس کا ہر طرف سے خیر مقدم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جنیوا میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کا اجلاس جاری ہے اور مظلوم و مقہور کشمیری اس کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ کشمیری اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ دبائے جارہے کشمیریوں کی حالت زار پر رحیمانہ اور ہمدردانہ التفات کریں اور بھارتی فوج و فورسز کے ہاتھوں جاری کشمیریوں کی نسل کشی کوروکنے کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال میں لائیں۔محبوس جے کے ایل ایف چیئرمین نے کہا کہ پچھلی سات دہائیوں سے کشمیری مارے جارہے ہیں، زخمی اور اپاہج بنائے جارہے ہیں، قید و بند اور تعذیب کا نشانہ بنائے جارہے ہیں، تذلیل و تحقیر کا ہدف بنائے جارہے ہیں اورانکے حق آزادی و حق خودارادیت کی نفی کی جارہی ہے۔ اسلئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری جو کہ اقوام متحدہ کے فورم کاحصہ ہیں پر لازم ہے کہ وہ مذکورہ رپورٹ کے بعد مذید مثبت اور مضبوط اقدامات اٹھائیں تاکہ جموں کشمیر کے لوگ اپنی قومی حق خودارادیت پاسکیں،جموں کشمیر پر سے نوآبادیاتی ظلم کا خاتمہ ہو اوریہ دیرینہ مسئلہ جو کہ اصلاً جنوبی ایشاء کو نوآبادیاتی دور سے خلاصی دلانے کا نامکمل ایجنڈا ہے کا حل نکالا جاسکے اور یہاں رہنے والے کروڑوں انسان اپنی زندگیاں آزادی، امن ،تعمیر و ترقی اور عزت و وقار کے ساتھ بسر کرنے کے قابل ہوسکیں۔لبریشن فرنٹ چیئرمین نے اقوام متحدہ اور اسکے ممبر ممالک پر زور دیا کہ وہ مسئلہ جموں کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کرنے کیلئے ، اس سرزمین پر سے فوجی تسلط کے خاتمے کی کوششیں تیز کریں تاکہ یہاں رہنے والے کروڑوں انسانوں کی تکالیف کا بھی خاتمہ ممکن ہوسکے۔حالیہ ایام میں شہید کئے گئے معصوم کشمیریوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یاسین صاحب نے کہا کہ جس دکھ درد اور کرب و ابتلاء میں یہ لوگ مبتلا ہیں وہ انتہائی بھاری ہے لیکن ہم انہیں یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ایک ایک کشمیری ان کے اس غم میں برابر کا شریک ہے ۔ شہید کئے گئے ہر مظلوم کیلئے جنت نشینی کی دعا کرتے ہوئے یاسین ملک نے ان کے غم زدہ لواحقین کیلئے بھی صبر جمیل و جزیل کی دعائیں کیں ۔ انہوں نے حالیہ ایام کے دوران زخمی کئے گئے لوگوں کی فوری صحت یابی کیلئے بھی اللہ تعالیٰ سے دعا کی۔

Comments are closed.