نوہٹہ آگ متاثرین کیساتھ ساگر کا اظہارِ یکجہتی

متاثرین کو متبادل جگہوں پر زمین دینے کی اپیل

سری نگر:۲۵،جون:/ نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر(ایم ایل اے خانیار) نے شہر خاص کے پاندان نوہٹہ میں ہولناک آگ کی واردات میں 16رہائشی مکانات کے خاکستر ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے اور متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے ڈویژنل کمشنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے متاثرین کی فوری بازآبادکاری کیلئے اقدامات اٹھانے کی تاکید کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی متاثرین کے حق میں معقول مالی امداد فراہم کی جائے۔ ساگر نے ڈپٹی کمشنر سرینگر سے تاکید کی وہ آتشزدگان کے حد میں ایک لاکھ 35ہزار کی عبوری امداد فوری طور پر فراہم کرے۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کو دوسرے مقامات پر زمین فراہم کریں کیونکہ یہ علاقہ انتہائی گنجان ہے اور ہمیشہ ایسے خطرات کا پیش خیمہ رہتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ساگر نے ایس آر گنج میں فائر سٹیشن قائم کیا جانا چاہئے جہاں پہلے ہوا کرتا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ 3دن کے اندر اندر فائر سٹیشن قائم کیا جائے۔ ادھرصدرِ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے وادی کے معروف تاجر خواجہ حبیب اللہ زرگر ساکن سنگین دروازہ حول، حاجی عبدالرشید بالا ساکن صورہ اور اہلیہ محترمہ حاجی غلام مصطفےٰ (سن شائن الائی) ساکن اہربال شالیمار کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومین کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹ کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر مبارک گل، ضلع صدر سرینگر پیر آفا ق احمد، پارٹی لیڈر تنویر صادق نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔

Comments are closed.