کشمیر میں مسلسل ہلاکتیں قابل تشویش :فریڈم پارٹی
۔
سرینگر:۲۳،جون:کے این این/ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کہا کہ وادی کشمیر میں جاری متواتر ہلاکتیں قابلِ تشویش ہے ۔اس ضمن کے این این کو بھیجے گئے ایک بیان کے مطابق کشمیر کے اندر کسی رکاوٹ کے بغیر ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کہا ہے کہ کھرم سری گفوارہ اننت ناگ میں محمد یوسف راتھر نامی شہری کو جان سے مارنے اور اس کی بیوی، رفیقہ بانو کو زخمی کئے جانے نے ریاست کے حکمرانوں پر سوالیہ نشان لگایا ہے۔فریڈم پارٹی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وادی کشمیر کے اندر انسانی خون کی ارزانی باعث فکر مندی ہے اور اس قتل و غارتگری کی ایک وجہ یہاں کا بھاری فوجی جماؤ بھی ہے۔انہوں نے بھارتی فورسز اور سول حکام کی شدید نقطہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم محمد یوسف راتھر کے بیٹے سیار احمد کو اُن کے مرحوم والد کی تجہیز و تکفین میں شرکت سے روکنے سے متنازع خطے کے اندر انسانی حقوق کی پامالیوں کاصحیح اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔ سرینگر کے شہید داؤد احمد، پلوامہ کے شہید ماجد منظور،اننت ناگ کے شہید عادل رحمان اور اننت ناگ کے ہی شہید محمد اشرف ایتو کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فریڈم پارٹی ترجمان نے کہا کہ انسانی زندگی انتہائی قیمتی ہے اوراس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے لیکن ہمارے نوجوان اسی زندگی کو یہاں کے عوام کی آزادی کیلئے قربان کررہے ہیں ۔ہمارا فرض بنتا ہے کہ شہدا کی بے مثال قربانیوں کی حفاظت کرکے عوام کے حق خود ارایت کی تحریک کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں۔یہ تحریک عظیم قربانیوں پر مشتمل ہے اور اس کی حفاظت کیلئے ہمارے نوجوان سر وں پر کفن باندھے میدان عمل میں موجود ہیں۔اسی کیلئے سینکڑوں جیالے جیل و اذیت خانوں کی سختیان برداشت کررہے ہیں ۔ ہم سب پر اس بات کی ذمہ داری عاید ہوتی ہے کہ جد و جہد آزادی کی حفاظت کریں اور اس کو یرغمال بنانے کی ہر کوشش کے سامنے سیہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ڈٹ جائیں۔
Comments are closed.