فورسز کشمیریوں کی نسل کشی پر گامزن:جماعت اسلامی

سرینگر:۲۳،جون:کے این این/ جماعت اسلامی جموں وکشمیرنے الزام عائد کیا کہ فورسز وادی میں نسل کشی پر گامزن ہے ۔ایڈوکیٹ زاہد علی ترجمان اعلیٰ جماعت اسلامی جموں وکشمیرکی جانب سے کے این این کو بھیجے گئے بیان کے مطابق جماعت اسلامی نے کہا کہ وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی جس میں اب تک ہزاروں مرد وزن کے علاوہ بچوں، بزرگوں کو شہید کردیا گیا اور ایک بڑی تعداد میں لوگوں کو زندگی بھر کے لیے معذور بناکے رکھ دیا گیا‘ پر اپنی گہری فکر و تشویش کاا ظہار کرتی ہے۔ بھارتی فورسز کی طرف سے جاری نسل کشی کے دوران ہزاروں معصوم بچوں کو یتیم بنانے کے علاوہ ہزاروں خواتین کے سہاگ چھینے گئے جو اب کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ وادی میں جاری اس مذموم اور بہیمانہ طرز عمل سے آج تک ہزاروں نوجوانوں اور بزرگوں کو دوران حراست لاپتہ کردیا گیا اور اس طرح ان کے رشتہ داروں کو دردناک ماحول میں جینے کے لیے مجبور کیا گیا۔یہاں امن و قانون کی صورتحال سے نمٹنے کی آڑ میں اس طرح کے ہیبت ناک واقعات 1989سے ہی جاری ہیں چاہیے ریاست کی بھاگ ڈور گورنر کے ہاتھوں میں تھی یا نام نہاد سیول حکومت کے پاس!یہاں افسپا، پی ایس اے اور اسی طرح کے دیگر غیر انسانی اور غیر جمہوری قوانین کی آڑ میں کشمیری مسلمانوں کے بنیادی حقوق کو بڑی ڈھٹائی سے پامال کیا گیا۔ ایسے انسان کش قوانین کی آڑ میں یہاں ہزاروں معصوم کشمیری نوجوانوں کو بے بنیاد الزامات کے تحت جیل کی کال کوٹھریوں میں سڑایا گیا اور ان کی منصفانہ اور غیر جانبدارانہ طریقے پر عدالتی کارروائی میں اڑچنیں پیدا کی گئیں۔دوران حراست ان نظر بندوں کے ساتھ وحشیانہ اور غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتا ہے اور اس طرح آج بھی بڑی تعداد میں کشمیری محبوسین مختلف جیلوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔علاوہ ازیں کشمیر میں امن و قانون کی آڑ میں لاتعداد بستیوں کو اُجاڑا گیا اور کشمیریوں کے مال وجان سے بھارتی فورسز اہلکاروں نے اپنی ضمیر کو مطمئن کرنے کی خاطر یہاں خون کی ہولی کھیلنے کے علاوہ یہاں بستیوں کو تاراج کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔فورسز اہلکار آئے روز جنگجوؤں مخالف کارروائیوں کے دوران یہاں کے مکانات کو دھماکہ خیز مواد سے زمین بوس کرنے میں نہیں ہچکچاتے اور اس طرح کشمیری عوام تاریخ کے بدترین دور سے گزررہے ہیں جہاں اُن کا وجود انتہائی خطرے میں پڑا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی جموں وکشمیر ریاست میں جاری مخدوش صورتحال پر اقوام عالم اور او آئی سی کی معنی خیز خاموشی پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ ایسے مقتدر ادارے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے ریاست جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کو رکوانے میں اپنا منصبی کردار ادا کریں تاکہ مسئلہ کشمیر جیسا دیرینہ تنازعہ یہاں کے عوام کی اُمنگوں اور خواہشات کے عین مطابق حل ہوجائے۔ جماعت کھرم سریگفوار میں جنگجوؤں اور عام شہریوں کو جاں بحق کرنے اور پرامن مظاہرین پر طاقت کے بے تحاشا استعمال جس میں دو درجن سے زائد عام شہری بری طرح زخمی ہوگئے ہیں پر گہری تشویش اور صدمے کا اظہار کرتی ہے۔ دریں اثنا سنیچر وار کو ایڈوکیٹ زاہد علی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفد نے کھرم جاکر محمد یوسف راتھر کے اہل خانہ سے تعزیت کرنے کے علاوہ اُن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقعہ پر وفد نے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے مسئلہ کشمیرکو پائیدار بنیادوں پر یہاں کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق حل کریں۔

Comments are closed.