کشمیر اب ’پتھر بازی سے پاک‘ ہوگا : گری راج سنگھ

اب مرکزی حکومت مجبور نہیں

سری نگر:۲۲،جون:کے این این / مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے’’ملی ٹنسی اورسنگباری کے خاتمے کوکشمیرپالیسی کی ترجیحات‘‘قراردیتے ہوئے واضح کردیاہے کہ وادی میں ملک دشمن عناصرکاقلع قمع کرنے کیلئے مرکزی سرکارسخت اقدامات اُٹھائے گی۔انہوں نے ہندؤتواکوہندوستان کی رُوح سے تعبیرکرتے ہوئے خبردارکیاکہ ملک میں اقلیتی آبادی کابڑھناٹھیک نہیں ہوگا۔کے این این مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق ایک انٹرویومیں مرکزی وزیر گری راج سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر اب ’پتھر بازی سے پاک‘ ہوگا، کیونکہ اب مرکزی حکومت مجبور نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیرکوملی ٹنسی اورسنگباری سے پاک کرنے کیلئے مرکزی حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے۔مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کے مرکزی وزیرمملکت نے کہا کہ بی جے پی نے پی ڈی پی کے ساتھ بہتر طور پر حکومت کو چلانے کی کوشش کی لیکن ایسا نہیں ہو پایا۔ خود کو قوم پرست بتاتے ہوئے مرکزی وزیرمملکت گری راج نے آئندہ انتخابات میں ملک کی ترقی کواصل ایجنڈابتاتے ہوئے یہ واضح کیاکہ رام مندرکی تعمیر کے ایشویامعاملے کو چھوڑا نہیں جائے گا۔کانگریس صدرراہل گاندھی کے متنازعہ بیان پرردعمل ظاہر انہوں نے کہا کہ وہ (راہل) سونے کا چمچ لے کر پیدا ہوئے ہیں، وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے یوگ پر سوال کرتے ہیں لیکن اپنے غیر ملکی دوروں کے بارے میں معلومات نہیں دیتے۔گری راج سنگھ نے کہا کہ راہل 56 دنوں تک بیرون ملک میں رہے تھے۔ انہوں نے کیا اس کی وہ جانکاری دی۔ملک میں آبادی کے کنٹرول والے بیان پرمرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہاکہ ملک کے بہت سے حصوں میں اقلیتی آبادی بڑھ رہی ہے، اگر ایسا ہی رہا تو یہ ٹھیک نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ’ ہندؤتوا ہندوستان کی رُوح ہے، جہاں جہاں ہندؤتوا کمزور ہوا وہاں بحران بڑھا‘۔ چرچ اور مسجد پر دیئے گئے حالیہ بیان پر مرکزی وزیر نے کہا کہ جو لوگ مسجد،’بڑے بڑے تعلیمی اداروں،میں بیٹھ کر ہندوستان کے ٹکڑے ہوں گے انشاء اللہ کہتے ہیں،چرچ اور مسجد سے فتویٰ جاری کرکے مودی کو شکست دینے کی اپیل کرتے ہیں، اُنہیں برداشت نہیں کیا جاسکتا۔مسلمانوں کو پاکستان بھیجنے والے بیان پر گری راج سنگھ کا جواب تھاکہ میں کسی کو بھی پاکستان نہیں بھیجتا لیکن جو لوگ پاکستان پرست ہیں اور پاکستان جا کر ہندوستان کے خلاف بولتے ہیں اُنہیں کوئی کیوں نہیں بولتا۔

Comments are closed.