ترال قصبہ میں فائرنگ اورگرینیڈدھماکہ

5سی آرپی ایف اور4پولیس اہلکارزخمی:حالت مستحکم

ترال:۲۲،جون:کے این این / جنوبی ضلع اسلام آبادکے سری گفوارہ علاقہ میں خونین معرکہ آرائی کے چلتے ضلع پلوامہ ک ترال قصبہ میں جنگجوؤں نے فورسزاورپولیس کی ایک مشترکہ پارٹی پرہتھ گولہ پھینکنے کیساتھ ہی فائرنگ بھی کی ،جسکے نتیجے میں 9سیکورٹی اہلکارزخمی ہوگئے ۔ادھرحزب المجاہدین نے حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے دعویٰ کیاکہ ایک درجن فورسزاہلکارزخمی ہوگئے ۔ کے این این کے مطابق جنوبی کشمیرکے حساس قصبہ ترال میں نمازجمعہ کے بعداُسوقت خوف وہراس کی لہردوڑگئی اورقصبہ میں افراتفری کی صورتحال پیداہوئی جب یہاں نامعلوم افرادنے ایک گرینیڈپھینکااوراندھادھندفائرنگ کی ۔معلوم ہواکہ نامعلوم جنگجوؤں نے جمعہ کوبعددوپہرترال قصبہ میں کورٹ روڑکے نزدیک ایک گرینیڈ داغااورفائرنگ کی ،جسکے نتیجے میں یہاں موجودپولیس اورسی آرپی ایف کامشترکہ دستے اس جنگجوئیانہ حملے کی زدمیں آیا۔پولیس ذرائع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ پولیس اورسی آرپی ایف کی ایک مشترکہ پارٹی جب ترال قصبہ میں مقامی عدالت کی جانب جانے والی سڑک پرمعمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے توجنگجوؤں نے ایک گرینیڈپھینکاجوزورداردھماکے کیساتھ پھٹ گیاجبکہ اس دوران جنگجوؤں نے گولیاں بھی چلائیں ۔ذرائع کے مطابق گرینیڈکے آہنی ریزوں اورگولیوں کی زدمیں آکر9سیکورٹی اہلکارزخمی ہوگئے جن میں سی آرپی ایف کے 5 اورریاستی پولیس کے4 اہلکارشامل ہیں ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ سبھی زخموں اہلکاروں کونزدیکی اسپتال منتقل کیاگیاجہاں اُنھیں علاج ومعالجہ فرام کیاگیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ سبھی اہلکارمعمولی طوررزخمی ہوئے ہیں ،اوراُنکی حالت خطرے سے باہرہے ۔اُدھرمقامی لوگوں نے بتایاکہ جنگجوئیانہ حملے کے بعدفو ج،فورسزاورپولیس نے قصبہ کامحاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کی لیکن کچھ وقت تک یہ کارروائی عمل میں لانے کے بعدمحاصرہ ہٹایاگیاکیونکہ حملہ آورممکنہ طورفرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ادھرحزب المجاہدین نے حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے دعویٰ کیاکہ ایک درجن فورسزاہلکارزخمی ہوگئے ۔حزب المجاہدین کے آپریشنل ترجمان برہان الدین نے اپنے بیان میں کہاکہ ترال میں تنظیم کے عسکریت پسندوں نے ترال میں فورسزپرحملہ کیاجس کے نتیجے میں ایک درجن اہلکارزخمی ہوگئے جن میں کچھ شدیدزخمی ہوئے ہیں ۔ترجمان نے حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈرمحمدبن قاسم کے حوالے سے کہاکہ فورسزپرحملہ کرنے والے سبھی عساکرمحفوظ ہیں ۔

Comments are closed.