صفاپورہ گاندربل میں ہولناک آگ

3رہائشی مکانات خاکستر،گھریلوسامان تباہ

صفاپورہ:۲۱،جون:/ وسطی ضلع گاندربل کے صفاپورہ علاقہ کی رنگال محلہ نامی بستی میں رونماہوئی آگ کی ایک ہولناک واردات کے نتیجے میں تین رہائشی مکانات خاکسترہوگئے اوران میں موجودگھریلوسامان کوبھاری نقصان پہنچا۔کے این این کومعلوم ہواکہ بشیراحمدشیخ ولدعبدالغنی کے رہائشی مکان میں گزشتہ روزشام کے وقت اچانک آگ نمودارہوئی ۔قبل اسکے کہ آگ پرقابوپایاجاتا،یہاں سے اُٹھنے والے شعلوں نے نزدیک ہی واقع نذیراحمدشیخ اورریاض احمدشیخ کے رہائشی مکانات کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،اورا س طر ح س بیک وقت تینوں مکانات سے شعلوں بھڑکنے لگے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ بشیراحمدشیخ کے مکان میں ممکنہ طورپرسلنڈرسے گیس خارج ہونے کے نتیجے میں نمودارہوئی ۔انہوں نے کہاکہ آگ کی زدمیں آنے والے تینوں مکانات کے مالکان ایکدوسرے کے قریبی رشتہ دارہیں ،اورتینوں مکانات ایکدوسرے کے ساتھ ساتھ تعمیرکئے گئے ہیں ۔لوگوں نے بتایاکہ بشیراحمدکے مکان میں آگ نمودارہوتے ہی فائراینڈایمرجنسی سروسزکومطلع کیاگیاتاہم جب تک صفاپورہ ،سمبل اورنائیدکھائی سے متعلقہ محکمہ کاعملہ گاڑیاں لیکرجائے واردات تک پہنچ جاتا،تب تک تینوں رہائشی مکانات کی اوپری منزلیں شعلوں کی لپیٹ میں آچکی تھیں ۔انہوں نے کہاکہ فائرسروسزعملہ نے انتھک کوشش کرکے آگ پرقابوپانے میں کامیابی پائی لیکن تب تک تینوں مکانات کی اوپری منزلوں اوران میں موجودگھریلوسامان کوبھاری نقصان پہنچ چکاتھا۔اُدھرپولیس تھانہ صفاپورہ نے رنگال محلہ صفاپور ہ میں پیش آئی آگ کی اس واردات کی مناسبت سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

Comments are closed.