اسمبلی کوتحلیل نہ کرکے معطل رکھنے کاقضیہ
معطلی سیاسی سودے بازوں کیلئے حوصلہ بخش:عمرعبداللہ
ہورس ٹریڈنگ بھاجپانہیں این سی کاسیاسی مشغلہ:رام مادھو
سری نگر:۲۱،جون:کے این این/ پی ڈی پی ،بی جے پی رشتہ ٹوٹ جانے کے نتیجے میں مخلوط سرکارگرجانے کے بعدریاستی اسمبلی کومعلق یامعطل رکھے جانے پرایک نئی سیاسی بحث چھڑگئی ہے ،اورکئی سیاسی لیڈروں نے نئے اتحادکی تشکیل اورممکنہ طورنئی سرکاربنانے کیلئے جوڑتوڑ،سیاسی سودے بازی یاہور س ٹریڈنگ کااندیشہ ظاہریاہے۔کے این این کے مطابق اس سیاسی بحث کوسابق وزراعلیٰ اورنیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمرعبداللہ نے یہ کہہ کرہوادی کہ کوئی نیااتحادیانئی سرکاربنانے کیلئے جوڑتوڑہوسکتی ہے۔سماجی رابطہ گاہ ٹویٹرپراپنے ایک ٹویٹ میں عمرعبداللہ نے لکھا’’اگرریاست میں کوئی نیاسیاسی اتحادنہیں بن رہاہے توریاستی اسمبلی کوتحلیل کرنے کے بجائے معطل کیوں رکھاگیاہے‘؟۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 1977 میں بننے والی بالی ووڈ فلم ’قصہ کرسی کا‘ کا ایک سین ٹویٹ کرتے ہوئے پی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان ہوئی طلاق کو ایک ’شاندار فکسڈ میچ‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے سیاستدانوں کی سیاست پر بننے والی فلم ’قصہ کرسی کا‘ ایک مختصر سین ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’اپنی سیاسی حکمت عملی ترتیب دینے کرنے کیلئے پی ڈی پی اور بی جے پی بالی ووڈ فلمیں دیکھتی آئی ہیں۔ عمرعبداللہ کے بقول ان فلموں سے تحریک وترغیب حاصل کرکے دونوں جماعتوں نے اپنا طلاق نامہ تیارکر لیا۔ایک ٹویٹ میں موصوف نے لکھا’’ شاندار فکسڈ میچ، کمال کا اسکرپٹ(تحریر) لیکن سامعین (عوام) اور ہم بے وقوف نہیں ہیں‘‘۔عمر عبداللہ کی جانب سے ٹویٹ کئے گئے سین میں سیاستدانوں کو آپس میں یہ باتیں کرتے ہوئے سنا اور دیکھا جاسکتا ہے۔ فلم کا سین : ’’ہم آپ کو گدی پر رہنے نہیں دیں گے راجا۔ آخر تم چاہتے کیا ہو۔ دیکھو راجا کام کی بات کرو۔ تمہاری پرجا تم سے ناراض ہے ، ہماری جنتا ہم سے ناراض ہے۔ تمہاری پرجا تم کو گدی سے ہٹا دے گی، ہماری جنتا ہم کو کرسی سے ہٹا دے گی۔ اب اس مشکل کا ایک ہی حل ہے۔ تم ہمارے خلاف جنگ چھیڑ دو، ہم تمہارے خلاف جنگ چھیڑ دیں گے۔ پندرہ دن کی ایک لڑائی ہوجائے۔ تم ہمارے خلاف زہر اگلنا، ہم تمہارے خلاف زہر اگلیں گے۔تم دیش بھکتی کا بھاشن دینا، ہم بھی دیش بھکتی کا بھاشن دیں گے۔ تم ہم پر تھوکنا ، ہم تم پر تھوکیں گے۔ دیش بھکتی کا یہ نشہ کم از کم پانچ برس تو چلے گا ہی۔ پانچ سال تک تمہاری اور میری گدی محفوظ۔ اس کے بعد اور کوئی ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔ بولا راجا منظور ہے۔ ہاں منظور ہے‘‘۔عمرعبداللہ کے اس ٹویٹ پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری رام مادھونے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹرپرایک ٹویٹ میں لکھا’’عمرعبداللہ اتنے خوفزدہ کیوں ہیں ،مجھے یقین ہے کہ این سی کے لوگ پارٹی لیڈرشپ کے وفادارہیں ‘‘۔رام مادھونے عمرعبداللہ پرسیاسی چوٹ کرتے ہوئے لکھا’’ہم نے دیکھاہے کہ عمرعبداللہ کی پارٹی کے تحت جموں وکشمیرمیں کس قسم کی ہورس ٹریڈنگ یاسیاسی سودے بازی ہوئی ہے۔وہ کہتے ہیں کہ کسی کویہ نہیں بھولناچاہئے کہ ہورس ٹریڈنگ نیشنل کانفرنس کی ایک تاریخ ہے۔رام مادھوکے اس تیکھے ٹویٹ کے جوا ب میں عمرعبداللہ نے ٹویٹرپرلکھا’’مجھے اپنی پارٹی کے ممبران اسمبلی پرکوئی شک یاشبہ نہیں ہے لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ مفتی محمدسعیدکے انتقال کے بعدمحبوبہ مفتی پرکس طرح دباؤ ڈالاگیا‘‘۔انہوں نے سوالیہ اندازمیں لکھا’’اگررام مادھواپنی بات کے پکے ہیں کہ کوئی نیااتحاد نہیں بننے والاہے کوئی نئی سرکارنہیں بن پائے گی توریاستی اسمبلی کوتحلیل کرنے کے بجائے معلق یامعطل کیوں رکھاگیاہے‘‘۔عمرعبداللہ نے اندیشہ ظاہرکیاہے کہ اسمبلی کومعطل رکھ کرسیاسی سودے بازی کرنے والوں یاسیاسی دلالوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
Comments are closed.