جموں وکشمیر میں8ویں مرتبہ گور نر راج نافذ
این این ووہرا نے سنبھالی چوتھی مرتبہ انتظامی بھاگ دوڑ ،سیول سیکریٹریٹ میں اعلیٰ حکام کے ساتھ ہنگامی میٹنگ
سری نگر:۲۰،جون:کے این این/ ریاست جموں وکشمیر میں بدھ کو 8ویں مرتبہ گور نر راج با ضابط طور پر نافذ ہوگیا ۔صدرِ ہند رام ناتھ کووند نے ریاستی امورفوری طور پر گورنر این این ووہرا کو سونپنے کیلئے گورنر راج قائم کرنے کی منظوری دے دی۔جموں و کشمیر کے آئین کی دفعہ92کے تحت گورنر این این ووہرا نے گزشتہ10برسوں میں چوتھی مرتبہ ریاست کی انتظامی بھاگ دوڑ سنبھالی ،جس دوران انہوں نے فوری طور پر سیول سیکریٹریٹ سرینگر میں ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی جبکہ ریاستی اسمبلی کو انہوں نے معلق بھی رکھا ۔اس میٹنگ سے قبل سیول سیکریٹریٹ کے احاطے میں گور نر کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق جموں و کشمیر میں بدھ سے گورنر راج نافذ ہوگیا۔ صدرِ ہند رام ناتھ کووند کی منظوری ملنے پر جموں و کشمیر کے آئین کی دفعہ92کے تحت این این ووہرا نے ریاست میں گورنر راج نافذ کیا ،انہیں حکومت کے تمام اختیارات تفویض کردیے گئے ہیں۔گورنر این این ووہرانے منگل کومرزکزی وزارت داخلہ کو ایک رپورٹ بھیجی تھی جس میں انہوں نے سفارش کی تھی کہ چونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ساتھ اتحاد توڑ دیا ہے اور وزیر اعلیٰ مفتی محبوبہ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اس لیے ریاست میں گورنر راج نافذ کر دیا جائے۔چونکہ صدر ہند رام ناتھ کووند 3 روزہ غیر ملکی دورے پر ہیں اس لیے انہیں یہ سفارش نامہ سورینیم ،جہاں وہ فی الحال مقیم ہیں،پہنچا دیا گیا۔جس وقت منگل کوگورنر نے تجویز بھیجی تو صدر ہند پہلے ہی ا یتھنز سے سورینیم روانہ ہو چکے تھے،اور جیسے ہی وہ سورنیم کے پارامریبو زیندرجی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے انہیں گورنر کا مکتوب پیش کیاگیا جس پر انہوں نے ہوائی اڈے پر ہی اپنی مہر تصدیق ثبت کر دی اور جموں و کشمیر کا نظم و نسق فوری طور پر گورنرکو سونپ دیا گیا۔صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند کی منظوری ملنے کے بعد جموں وکشمیر میں بدھ کو گورنر راج نافذ کر دیا گیا ہے۔جموں و کشمیرپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (پی ڈی پی۔بی جے پی )اتحاد کے ٹوٹنے کے بعد جموں و کشمیر کی تاریخ میں8ویں گورنر راج نافذ کیا گیاہے۔ایسا اس لیے بھی ہوا کہ محبوبہ مفتی نے استعفیٰ کے بعد یہ کہا کہ وہ کسی اور پارٹی کے ساتھ دوسرا الائنس نہیں کرنا چاہتی ہیں ایسے میں گورنر راج ہی ایک راستہ تھا ،جس کا مطالبہ بی جے پی کے علاوہ اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے بھی کیاتھا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ این این ووہرا کے گورنر رہتے یہ چوتھا موقع ہے جب وہ ریاست جموں وکشمیر میں انتظامی بھاگ دوڑ سنبھال رہے ہیں ۔این این ووہرا25جون 2008کو جموں کشمیر میں گورنر بنے تھے،جنکی مدت میں تین مرتبہ توسیع کی گئی گئی ۔این این ووہرا پہلے ریاستی گور نر ہیں ،جو گزشتہ10برسوں سے متواتر بنیادوں پر اس عہدے پر فائز ہیں ۔عہدے پر فائز ہونے کے بعد این این ووہرا سیدھے سیول سیکریٹریٹ سرینگرپہنچے ،جہاں اُنہیں ریاستی پولیس کے خصوصی دستے نے گارڈ آگ آنر پیش کیا ۔اس کے بعد انہوں نے ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی ،جس میں سیول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جن میں چیف سیکریٹری بی بی ویاس بھی شامل ہیں ۔گور نر این این ووہرا نے اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سیکورٹی اور انتظامی امورات کا جائزہ لیا ۔گور نر راج نافذ ہونے کے بعد گور نر این این ووہرا نے ریاستی اسمبلی کو معلق بھی رکھا ۔یاد رہے کہ پی ڈی پی کے ساتھ جموں وکشمیر میں قریب ساڑھے 3 سال حکومتی اتحاد میں رہنے کے بعد بی جے پی نے سرکار کے ساتھ حمایت ختم کرنے کا اعلان کر دیاہے۔بی جے پی نے کہا ہے کہ ریاست میں بڑھتی شدت پسندی اور بنیاد پسندی کی وجہ سے حکومت میں بنے رہنا مشکل ہوگیا تھا۔غور طلب ہے کہ اس سے قبل ریاست میں 7 مرتبہ گورنر راج نافذ ہوا۔پچھلی بار مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعد8 جنوری2016کو جموں وکشمیر میں گورنر راج نافذ ہوا تھا۔ اس دوران پی ڈی پی اور بی جے پی نے کچھ وقت کیلئے حکومت سازی کو ٹالنے کا فیصلہ کیا تھا۔اس وقت کے صدرِ ہند پرنب مکھرجی کی منظوری ملنے پر جموں و کشمیر کے آئین کی دفعہ92کے تحت ووہرا نے ریاست میں گورنر راج نافذ کیا تھا۔ریاست میں کب کون بنا گورنر اسکی تاریخ کچھ اس طرح ہے ۔کرن سنگھ ریاست کے پہلے صدر تھے جنہوں نے30مارچ1965سے لیکر15مئی1967تک صدر کے بطور اپنے فرائض نبھائے جبکہ بھگوان سہائے 15مئی1967سے لیکر3جولائی1974تک ریاست جموں وکشمیر میں صدر کے عہدے پر فائز رہے ،اسکے بعد ریاست کی تاریخ ہی تبدیل ہوئی اور صدر کی جگہ گور نر نے لی ۔لکشمی کانت جھا پہلے ریاستی گورنر تھے جنکی مدت3جولائی1973سے لیکر22فروری1981تک رہی ۔براج کمار نہرو دوسرے گور نرت تھے،جنکی مدت22فروری 1981سے لیکر26اپریل1984تک ریاستی گور نر کے عہدے پر فائز رہے ۔جگموہن ملہوترا تیسرے گور نر تھے ،جنکی مدت26اپریل1984سے لیکرجولائی1989تک رہی ۔کے وی کرشنا راؤ چوتھے ریاستی گور نر تھے ،جنکی مدت جولائی1989سے لیکر19جنوری1990تک رہی ۔پانچویں مرتبہ جگ موہن دوسری مرتبہ ریاست کے گور نر کے عہدے پر فائز ہوئے ۔اسکی مدت19جنوری 1990سے لیکر26مئی1990رہی ۔گریش چندر سیکسینہ چھٹے گور نر بننے جنکی مدت26مئی1990سے لیکر12مارچ1993تک رہی ۔کے وی کرشنا راؤ نے دوسری مرتبہ یہ عہدہ سنبھالا ،تاہم وہ ساتویں گورنر تھے ،جنکی مدت12مارچ1993سے لیکر2مئی1998تک رہی ۔گریش چندر سکسینہ آٹھویں ریاستی گور نر تھے ،جنکی مدت2مئی1998سے لیکر4جون2003تک رہی ۔ایس کے سنہا نویں ریاستی گور نر تھے ،جنکی مدت4جنوری2003سے لیکر25جون2008تک رہی ۔نریندر ناتھ ووہرا 10ویں ریاستی گورنر ہیں ،جنکی مدت25جون2008کو شروع ہوئی جو تادم تاریخ ہنوز جاری ہے ۔
Comments are closed.