آپریشن آل آوٹ دوبارہ شروع، جنگجوؤں کا اب بہت برا حشر ہوگا:کویندرگپتا
سیزفائرواپسی کے بعد بھاجپالیڈران کے تیکھے تیور
ہندوستان کیخلاف آواز اٹھُانے والوں کوموت کے گھاٹ اتار دیا جائیگا:رینا
جموں:۱۸،جون:کے این این/ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وادی کشمیر میں ایک مہینے تک جاری رہنے والے ’رمضان سیز فائر‘ میں توسیع نہ کئے جانے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ وادی میں بھارت کے خلاف بولنے والوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جائے گا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اب آپریشن آل آوٹ کو دوبارہ شروع کرکے جنگجوؤں کو چن چن کر ہلاک کیا جائے گا۔خیال رہے وادی میں رمضان المبارک کے پیش نظر جاری ایک مہینے کی یکطرفہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے اتوار کے روز اس میں مزید توسیع کرنے سے انکار کردیا۔خیررساں ایجنسی یواین آ ئی کے مطابق بھاجپاکے ریاستی صدر رویندر رینا نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے مہینے میں مرکزی حکومت نے کشمیر میں امن وامان کیلئے ایک قدم اٹھایا تھا لیکن بقول موصوف پاکستان کی حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں اور جنگجوؤں نے رمضان میں بھی حالات کو خراب کرنے کی کوششیں کیں۔انہوں نے کہاکہ عید کے موقع پر بھی کوشش کی گئی کہ کشمیر میں خون خرابہ او ر بے گناہوں کا قتل نہ ہو،اس لئے مرکزی حکومت نے رمضان سیز فائر کو منسوخ کیا ہے۔ رویندر رینا کا مزید کہنا تھا ’ یہ بہت اچھا فیصلہ ہے، اب ہم چن چن کر جنگجوؤں کو ٹھکانے لگائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان، علیحدگی پسندوں اور پتھربازوں کو کسی بے گناہ کا قتل کرنے کی کبھی اجازت نہیں دیں گے۔ جو ہندوستان کیخلاف آواز اٹھائے گا، اس کو موت کے گھاٹ اتار دیا جائے گا۔اُدھربی جے پی کے سینئر لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے کہا کہ اب آپریشن آل آوٹ کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہحکومت کی طرف سے لئے گئے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ ہم نے جنگجوؤں کے تئیں کبھی نرم رویہ اختیار نہیں کیا ہے۔خبررساں ایجنسی یواین آئی کے مطابق کویندرگپتاکاکہناتھاکہ گذشتہ ایک برس کے دوران قریب200 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اب آپریشن آل آوٹ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنگجوؤں کا اب بہت برا حشر ہونے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’دہشت گردی کا کوئی دھرم نہیں ہوتا۔ ہم نے ایک دھرم کی عزت کرتے ہوئے ایک موقع دیا تھا۔مجھے لگتا ہے کہ انہیں یہ راس نہیں آیا۔ ان کا کیا حشر ہونے والا ہے، یہ اب آنے والا وقت ہی بتائے گا‘۔
Comments are closed.