بانڈی پورہ کے مضافاتی جنگل میں طویل جنگجومخالف آپریشن

10دنوں میں 4جنگجو،ایک فوجی ہلاک
آرمی کے8یونٹ،پیراکمانڈؤزاوراورائرفورس بھی آپریشن میں شامل

بانڈی پورہ:۱۸،جون:/ شمالی ضلع بانڈی پورہ کے ایک مضافاتی جنگل میں موجودجنگجوؤں کیخلاف فوج کی8یونٹوں ،پیراکمانڈؤزاورائرفورس کے دستے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں ،اوراس طویل ترین آپریشن کے تحت جنگل کے نزدیک واقع علاقہ پاناراوراسکے گردونواح میں واقع نصف درجن دیہات کو سینکڑوں کی تعدادمیں فوجیوں ،خصوصی اورکمانڈؤزنے محاصرے میں لے رکھاہے جبکہ جنگل کے اندراوراسکے ااس پاس جنگجومخالف آپریشن میں مصروف فوجیوں وکمانڈؤزکوائرفورس کی حمایت بھی حاصل ہے۔کے این این کے مطابق پاناربانڈی پورہ کے گھنے جنگل میں جنگجوؤں کے ایک بڑے گرو پ کی موجودگی سے متعلق اطلاع ملتے ہی9جون کوفوج کے مختلف یونٹوں سے وابستہ سینکڑوں اہلکاروں نے ایک وسیع علاقے کومحاصرے میں لیکرتلاشی کارروائی شروع کردی،اوررنیارجنگل میں گولیوں کامختصرتبادلہ ہوا ۔مسلسل پانچ دنوں تک جنگل میں تلاشی کارروائی جاری رکھنے کے باوجودفوج کاکہیں جنگجوؤں سے سامنانہیں ہواجبکہ اس دوران کئی مواقعوں پرفوجی اہلکاروں نے جنگجوؤں کاپتہ لگانے کیلئے فائرنگ بھی کی ۔اس جنگجومخالف آپریشن کے چھٹے روزیعنی14جون کوفوج کی تلاشی پارٹی کابالآخرجنگجوؤں سے سامناہوا۔طرفین کے درمیان ہونے والی معرکہ آرائی کے دوران ایک فوجی اور2عدم شناخت شدہ جنگجومار ے گئے جبکہ گولیاں لگنے سے ایک فوجی افسرسمیت نصف درجن اہلکارزخمی ہوگئے ۔اس جھڑپ کے بعدفوج کی مزیدکمک طلب کی گئی جبکہ بھارتیہ فضائیہ کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ۔راشٹریہ رائفلزکے 14،22، 52، 18،28 ،27 اور31 ویں ریجمنٹ کے ساتھ ساتھ فوج کی 3پیراکمانڈؤز بھی جنگجومخالف آپریشن میں شامل ہوگئے ،اوراسکے ساتھ ہی انڈین ائرفورس کے جہازوں نے بھی یہاں گشت شروع کردی۔فوج کے مختلف یونٹوں اورائرفورس کے مشترکہ جنگجومخالف آپریشن کے بعدبڑے پیمانے پرتلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ،اورپانارجنگل میں موجودجنگجوؤں کے فرارہونے کی کوشش کے پیش نظر بانڈی پورہ کے کئی دیہات وبستیاں بھی سخت محاصرے میں رہیں تاہم یہاں کوئی باضابطہ تلاشی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ادھردفاعی ذرائع نے بتایاکہ جنگجومخالف آپریشن کے دسویں روزپانارجنگل میں موجودجنگجوؤں کاسامناپھرایک مرتبہ فوج سے ہوا۔ذرائع کے مطابق طرفین کے مابین ہوئی معرکہ آرائی کے دوران 2جنگجومارے گئے تاہم انکی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ 10دنوں سے جاری اس جنگجومخالف آپریشن کے دوران ابتک4جنگجواورایک فوجی اہلکارمارے گئے جبکہ نصف درجن سیکورٹی اہلکارزخمی وگئے جن میں ایک فوجی افسربھی شامل ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ جنگل میں15جنگجوؤں کے چھپے ہونے کی اطلاع ملنے پرآپریشن شروع کیاگیا،اورابتک چونکہ صرف چارجنگجومارے گئے ہیں،اسلئے جنگل میں کم سے کم مزید10جنگجوؤں کے موجودہونے کاشبہ ہے،اسلئے فوجیوں وکمانڈؤزنے ائرفورس کی حمایت سے یہاں جنگجومخالف کارروائی جاری رکھی ہے ۔

Comments are closed.