ویسو قاضی گنڈ کے نزدیک فورسز گاڑیوں پر کئی منٹوں تک فائرنگ
نجی گاڑی کا ڈرائیور زخمی ، فورسز نے جنگجوؤں کو تلاش کرنے کیلئے گھر گھر تلاشی لی
سرینگر؍10؍جون؍ ویسو قاضی گنڈ میں جنگجوؤں نے فورسز پر فائرنگ کی تاہم اس دوران نجی گاڑی میں سوار ایک نوجوان زخمی ہوا جسے فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر عسکریت پسندوں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق سنیچر صبح پانچ بجے کے قریب ویسو قاضی گنڈ میں اُس وقت خوف وہراس کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں نے فورسز گاڑی کو نشانہ بنانے کی غرض سے فائرنگ کی تاہم نشانہ چوک جانے کے باعث گولیاں نجی گاڑی کو جا لگی جس دوران گاڑی کا ڈرائیور جس کی شناخت مینو عارف کے بطور ہوئی ہے زخمی ہوا اور اسے فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق عارف بانہال کی طرف جا رہا تھا کہ اس دوران عسکریت پسندوں نے فورسز کو نشانہ بنانے کی غرض سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوا اور اسے سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد پولیس نے 20کھوکھے برآمد کئے اور اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کے بعد پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے ویسو قاضی گنڈ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی اس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کارروائی کے دوران کوئی قابل اعتراض شئے برآمد نہیں ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر میں عسکریت پسندوں کے امکانی حملوں کو ٹالنے کیلئے جگہ جگہ پولیس وفورسز کو تعینات کیا گیا ہے ، جموں سرینگر شاہراہ پر حساس مقامات پر فوج کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ جنگجوؤں کے حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔
Comments are closed.